ہر دور اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے۔ کبھی کتاب اور قلم، علم و آگہی کی سب سے بڑی علامت تھے، پھر کمپیوٹر نے انسانی زندگی کا رخ بدل دیا، اور اب مصنوعی ذہانت اور سوشل میڈیا نے دنیا کو ایک نئے عہد میں داخل کر دیا ہے۔ آج کی نوجوان نسل، جسے دنیا جنریشن زی کے نام سے جانتی ہے، اسی ڈیجیٹل انقلاب کی پیداوار ہے۔ یہ وہ نسل ہے جس کی ہتھیلی پر پوری دنیا سمٹ آئی ہے۔ معلومات تک رسائی چند لمحوں کی بات ہے، فاصلے مٹ چکے ہیں اور مواقع کی وسعت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ایسے میں یہ نسل غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل بھی ہے اور بے مثال چیلنجز سے بھی دوچار ہے۔
عام طور پر جنریشن زی سے مراد وہ نوجوان ہیں جو 1997ء سے 2012ء کے درمیان پیدا ہوئے۔ یہ پہلی نسل ہے جس نے بچپن ہی سے انٹرنیٹ، اسمارٹ فون، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ پایا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ نسل تیز رفتار، تخلیقی، معلومات دوست اور نئے تجربات قبول کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہے۔
آج مصنوعی ذہانت نے تعلیم، تحقیق، صحافت، طب، انجینئرنگ، زراعت، کاروبار اور تخلیقی فنون سمیت تقریباً ہر شعبے میں نئی راہیں کھول دی ہیں۔ ایک طالب علم دنیا کی بہترین جامعات کے لیکچر اپنے موبائل پر سن سکتا ہے، ایک نوجوان گھر بیٹھے عالمی منڈی تک رسائی حاصل کر سکتا ہے، ایک مصنف تحقیق کے نئے دریچے وا کر سکتا ہے اور ایک تخلیق کار اپنی صلاحیتوں کو پوری دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے۔ اگر مصنوعی ذہانت کو علم، تحقیق اور انسانی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ ترقی کا ایک بے مثال ذریعہ بن سکتی ہے۔
اِسی طرح سوشل میڈیا نے دنیا کو ایک عالمی خاندان کی صورت دے دی ہے۔ خیالات، معلومات اور تجربات کا تبادلہ پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو چکا ہے۔ بے شمار نوجوان اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر تعلیم، ادب، صحافت، پروگرامنگ، کاروبار، فوٹوگرافی، موسیقی اور دیگر شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کر رہے ہیں۔ یہ اس دور کا روشن اور مثبت پہلو ہے۔
لیکن ہر سہولت اپنے ساتھ ایک آزمائش بھی لے کر آتی ہے۔ سوشل میڈیا کا غیر ضروری استعمال، وقت کا ضیاع، جھوٹی خبروں کا پھیلاؤ، دوسروں سے غیر ضروری موازنہ، مصنوعی شہرت کی خواہش، اخلاقی انحطاط، آن لائن ہراسانی، ذہنی دباؤ اور تنہائی جیسے مسائل بھی اِسی ڈیجیٹل دنیا کی پیداوار ہیں۔ اِسی طرح اگر مصنوعی ذہانت کو صرف نقل، دھوکا دہی یا آسان راستہ اختیار کرنے کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے بجائے اُنہیں کمزور بھی کر سکتی ہے۔
اصل سوال یہ نہیں کہ مصنوعی ذہانت اچھی ہے یا بری، بلکہ یہ ہے کہ ہم اسے کس مقصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ٹیکنالوجی ایک طاقتور ذریعہ ہے، مگر اس کا درست یا غلط استعمال انسان کے اپنے کردار، شعور اور نیت پر منحصر ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ آج بہت سے نوجوانوں کے ہاتھ میں کتاب کی جگہ صرف موبائل فون نے لے لی ہے۔ مطالعے کی عادت کمزور پڑ رہی ہے، جبکہ مختصر ویڈیوز اور فوری معلومات نے گہرے مطالعے، تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے۔ حالاں کہ کوئی بھی مصنوعی ذہانت انسانی عقل، تجربے، مطالعے اور حکمت کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔ کتاب آج بھی انسان کی بہترین استاد ہے اور مطالعہ ہی شخصیت کو فکری پختگی عطا کرتا ہے۔
والدین، اساتذہ اور معاشرے کی ذمہ داری بھی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ نوجوانوں پر بے جا پابندیاں لگانے کے بجائے اُن کے ساتھ مکالمہ، اعتماد، رہنمائی اور مثبت تربیت کی ضرورت ہے۔ اگر گھر محبت کا گہوارہ، تعلیمی ادارے علم کے مراکز اور معاشرہ مثبت اقدار کا امین بن جائے تو یہی نوجوان کل کے بہترین سائنس دان، ادیب، صحافی، معلم، ڈاکٹر، انجینئر، سماجی رہنما اور قومی قائد ثابت ہوں گے۔
کتبِ مقدسہ بھی نوجوان نسل کو علم، کردار، وقت کی قدر اور نیک عمل کی تلقین کرتی ہیں۔ وہ ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ کوئی نوجوان اپنی عمر کو کمزوری نہ سمجھے بلکہ اپنی گفتار، کردار، محبت، ایمان داری اور پاکیزگی سے دوسروں کے لیے نمونہ بنے۔ اسی طرح یہ بھی تعلیم دی گئی ہے کہ وقت کو غنیمت جانا جائے، محض دعووں پر نہیں بلکہ عمل پر یقین رکھا جائے، اور انسان یہ یاد رکھے کہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتی جب تک وہ خود اپنی اصلاح اور مثبت تبدیلی کی کوشش نہ کرے۔ گویا تمام آسمانی تعلیمات اس حقیقت پر متفق ہیں کہ علم، محنت، کردار، خود احتسابی اور خدمتِ انسانیت ہی ایک روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔
جنریشن زی کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کامیابی صرف لائکس، ویوز، فالوورز یا مصنوعی شہرت کا نام نہیں بلکہ علم، کردار، دیانت، خدمت اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کا نام ہے۔ اصل کامیابی وہ ہے جو انسان کو اپنے خاندان، معاشرے، وطن اور انسانیت کے لیے مفید بنا دے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ مصنوعی ذہانت انسانی دماغ کی معاون ہو سکتی ہے، مگر انسانی دل، ضمیر، محبت، اخلاق اور روحانی شعور کی جگہ کبھی نہیں لے سکتی۔ مشین معلومات فراہم کر سکتی ہے، مگر حکمت نہیں؛ جواب دے سکتی ہے، مگر کردار نہیں بنا سکتی؛ راستہ دکھا سکتی ہے، مگر منزل کا انتخاب انسان ہی کرتا ہے۔
جنریشن زی تاریخ کے ایک غیر معمولی دَور کی نسل ہے۔ اس کے ہاتھ میں وہ ٹیکنالوجی ہے جس کا چند دہائیاں پہلے تصور بھی ممکن نہ تھا۔ اگر یہ نسل مصنوعی ذہانت اور سوشل میڈیا کو علم، تحقیق، تخلیق، کردار سازی اور انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کرے تو مستقبل اِسی کا ہے۔ لیکن اگر یہی ذرائع وقت کے ضیاع،سطحی سوچ اور اخلاقی کمزوری کا سبب بن جائیں تو روشن امکانات بھی دھندلا سکتے ہیں۔
آج ہماری ذمہ داری صرف نوجوانوں پر تنقید کرنا نہیں بلکہ ان کی درست رہنمائی کرنا ہے۔ اُنہیں مطالعے کی طرف راغب کرنا، تحقیق کی عادت ڈالنا، مثبت سوچ پروان چڑھانا، اخلاقی اور روحانی اقدار سے آشنا کرنا اور ٹیکنالوجی کو مقصد کے بجائے ایک مؤثر ذریعہ سمجھنے کی تعلیم دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
آنے والا زمانہ اُنہی نوجوانوں کا ہوگا جو مصنوعی ذہانت کو اپنی عقل کا معاون بنائیں گے، اس کا متبادل نہیں؛ سوشل میڈیا کو اپنی آواز کا ذریعہ بنائیں گے، اپنی شناخت نہیں؛ اور علم، کردار اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا حقیقی سرمایہ بنائیں گے۔ یہی جنریشن زی کی کامیابی کا راستہ ہے، اور یہی ہماری مشترکہ ذمہ داری بھی۔
*******

