لاہور (تادیب) چرچ آف پاکستان کے رائیونڈ ڈایوسیز کے لیے ایک اہم کلیسیائی پیش رفت کے تحت رائٹ ریورنڈ شہزاد گِل کو آئینِ چرچ آف پاکستان اور متعلقہ کلیسیائی ضوابط کے مطابق منعقدہ انتخابی عمل کے بعد رائیونڈ ڈایوسیز کے چوتھے جانشین بشپ کے طور پر منتخب کیے جانے کے بعد باضابطہ طور پر مقدس کر دیا گیا۔
تقدیس کی روحانی اور باوقار تقریب 24 جولائی 2026ء، بروز جمعہ، سینٹرل کیتھیڈرل آف پریئنگ ہینڈز، رائیونڈ ڈایوسیز میں منعقد ہوئی، جہاں بشپ صاحبان اور کلیسیائی راہنماؤں نے تاریخی رسولی جانشینی کی روایت کے مطابق دستِ دعا رکھ کر رائٹ ریورنڈ شہزاد گِل کو اس مقدس خدمت کے لیے مخصوص کیا۔
اس موقع پر چرچ آف پاکستان کے موڈریٹر/پریذیڈنٹ بشپ، آرچ بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بشپ کے انتخاب اور تقدیس کا یہ پورا عمل خدا کی راہنمائی، فضل اور وفاداری کا مظہر ہے۔ انہوں نے پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے موصول ہونے والی دعاؤں، نیک تمناؤں اور کلیسیائی شراکت داری پر بھی دلی تشکر کا اظہار کیا۔
رائٹ ریورنڈ شہزاد گِل کی تقدیس کو رائیونڈ ڈایوسیز کی روحانی و انتظامی خدمت میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے وسیع کلیسیائی تجربے، روحانی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل کے ساتھ مل کر ڈایوسیز کی خدمت، مشن، شاگرد سازی اور کلیسیائی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں چرچ آف پاکستان کے مختلف ڈایوسیز سے تعلق رکھنے والے بشپ صاحبان، پادریوں، کلیسیائی راہنماؤں، معزز مہمانوں اور ایمانداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رائٹ ریورنڈ شہزاد گِل کے لیے خداوند سے حکمت، قوت اور برکت کی خصوصی دعائیں کیں۔
ادارہ “تادیب پبلیکیشنز” کے سی ای او، ماہنامہ “نیاتادیب ” لاہور کے بانی و مدیرِ اعلیٰ ، معروف شاعر اور صحافی جاویدؔ ڈینی ایل نے رائٹ ریورنڈ شہزاد گِل کو رائیونڈ ڈایوسیز کے چوتھے جانشین بشپ کے طور پر انتخاب اور تقدیس پر دلی مبارک باد پیش کی اور دعا گو ہیں کہ خداوند انہیں اپنی کلیسیا کی خدمت میں مزید حکمت، قوت اور برکت عطا فرمائے۔ آمین!۔

