لاہور (یونس ایم کھوکھر) – آس ادبی فورم کے زیرِ اہتمام ہونہار طالبہ محترمہ نبیلہ سیموئیل کے اعزاز میں تقریب ِ پذیرائی و مبارکباد جناب آصف عمران کی رہائش گاہ پر 31 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ شام 4 بجےانعقاد پذیر ہوئی۔محترمہ نبیلہ سیموئیل نے ایم فل اُردو کا منفرد مقالہ بعنوان”اُردو ادب میں اقلیتی افسانہ نگاروں کے فن کا تجزیاتی مطالعہ، ترقی پسند، جدید اور موجود رجحانات کے تناظر میں” پر کامیاب مقالہ لکھ کر ایف سی کالج چارٹرڈ یونیورسٹی لاہور سے ڈگری حاصل کرنے پر منعقد کی گئی۔نظامت کے فرائض یونس ایم کھوکھر نے ادا کیے۔ تقریب کا آغاز پاسٹر سیموئیل رشید کی دعا سے ہوا۔ محترمہ گلزار آصف نےصاحبِ شام شخصیت کو گلدستہ پیش کیا۔
صدر تقریب ڈاکٹر انیل سیموئیل ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ شعبہ اُردو ایف سی کالج چارٹرڈ یونیورسٹی تھے۔مہمان خصوصی ڈاکٹر صفدر نعیم تھے۔ مقالہ میں جدید افسانہ کے نمائیدہ اقلیتی افسانہ نگار جناب آصف عمران،محترمہ آسناتھ کنول اور جناب منظور راہی موجود تھے۔ تینوں افسانہ نگاروں نے اپنے طرز اسلوب اور مقالہ کے حوالے سے مختصر گفتگو کی اور محترمہ نبیلہ سیموئیل کو مبارکباد دی۔شرکائے تقریب نے موضوع مقالہ پر گفتگو کی اور محترمہ نبیلہ سیموئیل کو مبارک باد پیش کی، اُن کے نام یہ ہیں۔پروفیسر سمیرا کنول، جناب طارق جاوید طارق، جناب عرفان نشاط چوہدری، جناب یونس وریام، جناب ساجد پال ساجد، جناب ڈیوڈ پرسی اور جناب یوحنا جان۔
ڈاکٹر صفدر نعیم مہمان خصوصی نے موضوع مقالہ کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور محترمہ نبیلہ سیموئیل کے اعزاز میں آس ادبی فورم کی منعقدہ تقریب کو قابل تحسین اقدام قرار دیا۔محترمہ نبیلہ سیموئیل نے گفتگو کرتے ہوئے مقالہ میں درج اقلیتی افسانہ نگاروں کو جدید افسانہ کےعمدہ لکھاری قرار دیا۔ اور تینوں افسانہ نگاروں کو مبارکباد پیش کی کہ ان کے افسانوں پر مقالہ لکھ کر اُنہوں نے ایم فل کی ڈگری حاصل کی ۔ انہوں نے تینوں افسانہ نگاروں کو تحائف پیش کر کے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کیا ۔صدارتی خطبہ میں ڈاکٹر انیل سیموئیل نے کہا کہ اُنہیں خوشی پے کہ اُن کے ڈیپارٹمنٹ سے نبیلہ سیموئیل جیسی ہونہار طالبہ نے ایم فل کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ اُنہوں نے اس کامیاب تقریب کے انعقاد کی ستائش کی۔محترمہ آسناتھ کنول چیئرپرسن آس ادبی فورم نے محترمہ نبیلہ سیموئیل کو تعریفی سند پیش کی۔
جناب طارق جاوید طارق نے اپنا تازہ شعری مجموعہ ” شاخِ تخیل ” لکھاری دوستوں کو پیش کیا۔ آس ادبی فورم جناب طارق جاوید طارق کو مبارکباد پیش کرتا ہے ۔تقریب کے اختتام پر پُرتکلف چائے سے تواضع کی گئی ۔
*******

