ڈاکٹر پریاؔتابیتا، بی پی ایس-19 میں ترقی پا کر ایسوسی ایٹ پروفیسر مقرر

لاہور (تادیب) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ممتاز ماہرِ تعلیم، محقق، شاعرہ اور اردو زبان و ادب کی شناسا شخصیت ڈاکٹر پریا تابیتا کو بی پی ایس 19 میں ترقی دے کر ایسوسی ایٹ پروفیسر مقرر کر دیا ہے۔ وہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، وحدت کالونی لاہور کے شعبۂ اردو سے وابستہ ہیں۔

ڈاکٹر پریا تابیتا نے 2015 میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں اوپن میرٹ پر پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اسسٹنٹ پروفیسر اردو کی حیثیت سے اپنے تدریسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ حالیہ اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت انہیں ایسوسی ایٹ پروفیسر (بی پی ایس 19) کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔اس سےپہلےوہ ایف سی کالج یونیورسٹی میں 2003 سے 2015تک بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو سے وابستہ رہیں۔

ڈاکٹر پریا تابیتا نہ صرف ایک کامیاب معلمہ اور محقق ہیں بلکہ ایک کہنہ مشق شاعرہ کی حیثیت سے بھی ادبی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ان کی چار کتابیں زیور طبع سے آراستہ ہوچکی ہیں؛
“اردو ناول کے منفی کردار۔آغاز تا قیام پاکستان” (تحقیق و تنقید) 2006
“ہمیشہ روٹھ جاتے ہو” (شاعری) 2007
“یونس ادیب۔حیات و فن” (تحقیق و تنقید) 2009
“کلیات انجیلی ” (مرتبہ) 2015

ان کی شاعری اور ادبی خدمات کو مختلف سطحوں پر سراہا گیا ہے۔اُنہیں 2008 میں منسٹری آف یوتھ افیئرز کی طرف سے وزیرِ اعظم پاکستان سید یوسف رضاگیلانی نے “نیشنل یوتھ ایوارڈ” سے نوازا جبکہ تاک کاشمیری ادبی ایوارڈ، تادیب رائٹرز ایوارڈ 2014 ، بی ایم حسرت ایوارڈ ، قائداعظم ہلال احمر گولڈ میڈل ، سیکرڈہارٹ ایوارڈ سمیت متعدد ادبی و علمی اعزازات بھی ان کے حصے میں آ چکے ہیں۔

تعلیمی، ادبی اور سماجی حلقوں نے ڈاکٹر پریا تابیتا کی اس ترقی کو ان کی علمی، تحقیقی اور تخلیقی خدمات کا اعتراف قرار دیتے ہوئے دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ان کے ساتھی اساتذہ، طلبہ، دوست احباب اور اہلِ خانہ نے بھی انہیں اس اہم پیشہ ورانہ کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ادارہ “تادیب پبلی کیشنز” بھی اُن کی اس کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہےاور اُمیدکرتا ہے کہ بہ فضل خدا ڈاکٹر پریا تابیتا مستقبل میں بھی تعلیم، تحقیق، شاعری اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اپنی خدمات اسی جذبے، محنت اور خلوص کے ساتھ جاری رکھیں گی۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading