لندن (تادیب) برطانیہ میں مقیم معروف پاکستانی صحافی، ادیب اور مدیر سرفراز تبسم کو صحافت کے شعبے میں تین دہائیوں پر محیط نمایاں خدمات کے اعتراف میں ’’محمود ہاشمی میموریل میڈیا ایوارڈ ۲۰۲۶ ‘‘سے نوازا گیا ہے۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے تاثرات میں سرفراز تبسم نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر اور باعثِ تشکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ میں صحافت کے میدان میں تقریباً تیس سالہ خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
سرفراز تبسم نے بتایا کہ ان کا صحافتی سفر ۱۹۹۰ میں شروع ہوا، جس کے دوران انہوں نے مختلف اخبارات میں خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں ۱۹۹۶میں انہوں نے اپنا ادبی جریدہ ’’ادبیات‘‘ قائم کیا، جو ادب، صحافت اور تخلیقی اظہار کے فروغ کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف ان کی خدمات کا اعتراف نہیں بلکہ ان طویل برسوں کی محنت، جدوجہد، ثابت قدمی اور پیشہ ورانہ وابستگی کی بھی قدر شناسی ہے، جو ان کے صحافتی سفر کا حصہ رہی ہے۔سرفراز تبسم نے محمود ہاشمی میموریل ٹیم اور پریس کلب آف پاکستان یو کے کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز نے انہیں مستقبل میں بھی صحافت، ادب اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مزید جذبے اور حوصلے کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔
ادارہ ’’تادیب ‘‘ کی جانب سے معروف صحافی، ادیب اور مدیر سرفراز تبسم کو ’’محمود ہاشمی میموریل میڈیا ایوارڈ ۲۰۲۶ ‘‘حاصل کرنے پر دلی مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔ دعا ہے کہ خداوند انہیں صحت، کامیابی اور مزید اعزازات سے نوازے اور وہ اسی جذبۂ خدمت کے ساتھ صحافت اور ادب کی دنیا میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دیتے رہیں۔


