معروف صحافی اور شاعرسیمسن جاوید کا شعری مجموعہ ’’دِل کا موسم‘‘ شائع ہو کر منظر عام پر آچکا ہے!۔

لاہور (نیا تادیب) — لفظ جب دل کی زمین پر اترتے ہیں تو احساس کی کونپلیں پھوٹتی ہیں اور خیال جب شعر کا روپ دھارتا ہے تو انسانی کیفیات کی ایک نئی دنیا آباد ہوتی ہے۔ معروف کالم نگار، شاعر اور صحافی سیمسن جاوید کا تازہ شعری مجموعہ ’’دِل کا موسم‘‘ معروف اشاعتی ادارے گردوپیش پبلی کیشنز، ملتان کے زیرِ اہتمام شائع ہو کر منظرِ عام پر آگیا ہے۔ اس اشاعتی ادارے کی سرپرستی معروف شاعر، ادیب، صحافی و ناشر رضی الدین رضی کر رہے ہیں۔

’’دِل کا موسم‘‘ سیمسن جاوید کے ادبی سفر میں ایک اہم اضافہ ہے۔ اس مجموعے کی اشاعت ان کی تخلیقی شخصیت کے شعری پہلو کو نمایاں کرتی ہے، جہاں لفظوں کے ذریعے احساسات اور انسانی کیفیات کو اظہار کا وسیلہ ملتا ہے۔ کتاب کا عنوان بھی دل کی بدلتی کیفیتوں، جذبات کی رنگا رنگی اور زندگی کے تجربات سے جنم لینے والے احساسات کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

سیمسن جاوید اس سے قبل کالم نگاری کے میدان میں بھی اپنی شناخت قائم کر چکے ہیں۔ ان کے کالموں کا پہلا مجموعہ ’’گل و خار‘‘ گردوپیش پبلی کیشنز نے دوہزار چوبیس میں شائع کیا تھا، جسے ادبی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ’’دِل کا موسم‘‘ کی اشاعت ان کے ادبی سفر میں ایک نئی تخلیقی جہت کا اضافہ ہے، جو کالم نگاری کے ساتھ ساتھ شاعری سے ان کی وابستگی کو بھی نمایاں کرتی ہے۔توقع ہے کہ سیمسن جاوید کا یہ شعری مجموعہ اہلِ ذوق کی توجہ حاصل کرے گا اور قارئین کو احساس و خیال کے نئے موسموں سے روشناس کرائے گا۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading