کراچی (تادیب) پاکستان میں نرسنگ کی تعلیم، ادب اور سماجی خدمات کے شعبوں سے وابستہ ممتاز شخصیت سہیل ساجد کو نرسنگ ایجوکیشن کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں “پروفیسر” کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔یہ اعلان”نیو لائف کالج آف نرسنگ کراچی” کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری مراسلے کے ذریعے کیا گیا، جس کے مطابق سہیل ساجد نے “پاکستان نرسنگ کونسل (پی این سی)” کی جانب سے مقرر کردہ تمام تعلیمی، پیشہ ورانہ اور انتظامی معیار کامیابی سے پورے کیے ہیں۔
پروفیسر سہیل ساجد گزشتہ دو دہائیوں سے نرسنگ کی تعلیم، تدریس، کلینیکل پریکٹس اور تعلیمی انتظام کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ اس وقت کالج آف نرسنگ کے پرنسپل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور نرسنگ کے شعبے میں ان کی علمی و انتظامی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔سہیل ساجد صرف ایک کامیاب ماہرِ تعلیم ہی نہیں بلکہ ایک ممتازشاعر، ادیب اور ادبی منتظم بھی ہیں۔ وہ “پاکستان کرسچن رائٹرز گلڈ” کے مرکزی جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور اردو ادب میں اپنی تخلیقی خدمات کے باعث ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کے دس شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں جنہیں ادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ان کی شاعری میں انسانی اقدار، روحانی احساسات، محبت، اُمید اور معاشرتی شعور کے موضوعات نمایاں نظر آتے ہیں۔
نیو لائف کالج آف نرسنگ کی انتظامیہ نے اپنی تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ پروفیسر سہیل ساجد کی ترقی ان کی علمی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں اور مسلسل محنت کا اعتراف ہے۔ انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی نرسنگ کی تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی تربیت اور معاشرے کی خدمت میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔تعلیمی، ادبی، سماجی اور نرسنگ کے شعبوں سے وابستہ شخصیات نے پروفیسر سہیل ساجد کو اس اہم پیشہ ورانہ کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
*******


