فرینکفرٹ (تادیب) اوورسیز مسیحی پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم انٹرنیشنل چرچ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر بشپ بیلطشزر سیموئیل جان کی قیادت میں ایک اہم وفد نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں قائم پاکستان کے قونصل جنرل فہد الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانی مسیحی کمیونٹی کو درپیش مسائل، عالمی سطح پر اقلیتی حقوق کے تحفظ اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں بشپ ڈاکٹر بیلطشزر سیموئل جان، ریورنڈ افراہیم رومیل، جرمنی کے صدر اختر بھٹی، جنرل سیکریٹری سرفراز جلال، فنانس سیکریٹری گیسپر جان سمیت دیگر ذمہ داران شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے پاکستان میں مسیحی برادری کو درپیش مختلف سماجی و قانونی مسائل اور مبینہ ناانصافیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اس حوالے سے ایک باضابطہ تحریری درخواست بھی قونصلیٹ حکام کے حوالے کی۔
اس موقع پر صدر اختر بھٹی نے پاکستان، جرمنی اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی اور اس امر پر زور دیا کہ عالمی سطح پر اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی اپنے وطن کے ساتھ گہری وابستگی رکھتی ہے اور ملک کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔چیئرمین بشپ ڈاکٹر بیلطشزر سیموئیل جان نے قونصلیٹ حکام کو یقین دہانی کروائی کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی مسیحی وطنِ عزیز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل معاشرتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
قونصلیٹ حکام نے وفد کی گفتگو کو توجہ سے سنتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کو متعلقہ اداروں تک پہنچایا جائے گا، جبکہ ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں مسلسل اقدامات جاری ہیں۔ملاقات خوشگوار اور سنجیدہ ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں کمیونٹی کے حقوق، عالمی امن کے فروغ اور پاکستان و اوورسیز کمیونٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
*******


