لاہور (تادیب نیوز) معروف صحافی، سینئر اینکر پرسن اور باغی رائٹرز فورم کے سرپرست مبشر لقمان سے جم خانہ، اپر مال لاہور میں باغی رائٹرز فورم کے لاہور سے تعلق رکھنے والے اراکین اور لکھاریوں کی ایک اہم اور بامقصد نشست کا اہتمام کیا گیا۔
نشست میں مختلف شعبہ ہائے ادب و صحافت سے وابستہ لکھاریوں نے شرکت کی اور تمام شرکاء نے مختصر مگر جامع انداز میں اپنا تعارف اور اپنی علمی، ادبی و صحافتی خدمات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مبشر لقمان نے شرکاء سے ملاقات کے دوران متعدد اہم اور قابلِ غور امور پر گفتگو کی جبکہ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔یہ نشست محض رسمی ملاقات، فوٹو سیشن یا چائے کی دعوت تک محدود نہیں رہی بلکہ اس میں تعمیرِ فکر، مثبت مکالمے، تحریر کی ذمہ داری اور معاشرتی معاملات میں لکھاریوں کے کردار جیسے اہم پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اپنے خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اہلِ قلم معاشرے کی فکری اور مثبت تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
مبشر لقمان نے باغی رائٹرز فورم سے وابستہ لکھاریوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی تحریری اور فکری کاوشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے بھی اس بامقصد نشست کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے اہلِ قلم کے درمیان رابطے، مکالمے اور مثبت فکری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
اور آخر میں باغی رائٹرز فورم کی جانب سے مبشر لقمان صاحب کے دستِ مبارک سے ظفر اقبال ظفر کویومِ دفاع کےتناظر میں ’’بنیان المرصوص ایوارڈ‘‘ اور طارق نوید سندھو کو ’’اعزازی شیلڈ‘‘ دی گئی۔
*******

