لاہور (تادیب) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے بروز جمعرات 14 مئی 2026 کو خداوند یسوع مسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے چالیس دن بعد آسمان پر اُٹھائے جانے کی یاد میں عیدِ صعود نہایت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی۔ اِس موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات، دعائیہ تقریبات اور روحانی اجتماعات منعقد کیے گئے جہاں مسیحیوں نے خداوند یسوع مسیح کی محبت، نجات اور آسمانی جلال کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مختلف شہروں میں بشپ صاحبان، پادری صاحبان اور مسیحی راہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ عیدِ صعود مسیحی ایمان کا ایک اہم اور مقدس دن ہے جو امید، ایمان اور ابدی زندگی کے پیغام کی یاد دلاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خداوند یسوع مسیح کا آسمان پر اُٹھایا جانا اِس حقیقت کی علامت ہے کہ وہ جلال کے ساتھ زندہ ہیں اور اپنے ماننے والوں کے لیے شفاعت کرتے ہیں۔
اس موقع پر گرجا گھروں میں ملک کی سلامتی، امن، ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی اور پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جبکہ مسیحی خاندانوں نے اس مذہبی تہوار کو روحانی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا۔
***


