لاہور (تادیب) معروف صحافی، دانشور، مفکر اور پندرہ روزہ “کاتھولک نقیب” لاہور کے سابق مدیر جناب وکٹر ڈینیئل 14 جولائی 2026ء کو 72 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد خداوند میں سو گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے صحافتی، ادبی اور مسیحی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔جناب وکٹر ڈینیئل نے اپنی پوری زندگی صحافت، فکری مکالمے اور مسیحی برادری کی سماجی و ادبی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ بطور مدیر “کاتھولک نقیب” انہوں نے ذمہ دار صحافت، تعمیری فکر اور سماجی شعور کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی علمی بصیرت، شائستگی اور متوازن صحافتی انداز ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
مرحوم کے جسدِ خاکی کو کرسچن قبرستان، جیل روڈ لاہور میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ ان کی میموریل سروس 19 جولائی 2026 ء بروز اتوار دوپہر ایک بجے سینٹ میریز چرچ، گلبرگ-اا، لاہور میں ادا کی جائے گی۔مرحوم نے پسماندگان میں تین بیٹے خیام وکٹر، خرم وکٹر اور ویوین وکٹر جبکہ دو بیٹیاں آئرس وکٹر اور سحرش وکٹر چھوڑےہیں۔ ان کے انتقال پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب، صحافتی برادری اور بے شمار مداح سوگوار ہیں۔
بانی و مدیرِ اعلیٰ ماہنامہ “نیا تادیب” جاوید ڈینی ایل اور “ادارہ تادیب” نے جناب وکٹر ڈینیئل کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی، علمی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ “ادارہ تادیب” دُعا گو ہے کہ خداوند مرحوم کو اپنے ابدی جلال میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے تمام اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر، حوصلے اور ایمان کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین۔
*******

