جاوید ڈینی ایل — ادب و صحافت کا روشن استعارہ: پروفیسر ونسینٹ پیس عصیم

دُنیا کی گوناگوں مصروفیات اور ہنگاموں سے بھرپور اس تیز رفتار دور میں کسی بھی شخصیت کے لیے اپنی دیرپا پہچان بنانا اور شہرت کی بلندیوں کو چھونا ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔ ایسی ہی نابغہءروزگار ہستیوں میں جاوید ڈینی ایل کا شمار ہوتا ہے۔ وہ ادب و صحافت کا وہ روشن استعارہ ہیں جو اپنے استقلال، فکری و دلی وابستگی، محنت، لگن اور ندرتِ خیال کے باعث ایک روشن مینار کی طرح اِیستادَہ ہیں۔

آپ ایک ممتاز شاعر اور ادیب ہی نہیں بلکہ کالم نگار، صحافی اور ناشر بھی ہیں، جو گزشتہ پچیس برسوں سے اردو ادب اور سماجی صحافت کی ترویج و فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ آپ معروف ادبی و فکری جریدے ماہنامہ ”نیاتادیب“ (لاہور/ملتان)، تادیب پبلیکیشنز اور ڈیجیٹل پورٹل (تادیب ڈاٹ آرگ) کے بانی اور مدیرِ اعلیٰ ہیں۔

ان کے نزدیک ادب محض لفظوں کی آرائش کا نام نہیں بلکہ انسانی احساس، فکری بیداری اور معاشرتی اصلاح کا مؤثر ترین وسیلہ ہے۔ گلستانِ فکر و فن میں اپنے استقلال اور ہنرمندی کے گلابوں سے اذہان و قلوب اور ادب و شعر و سخن کی فضا کو مہکائے رکھنا نصیب اور محنت کرنے والوں ہی کو میسر آتا ہے۔
نامی کوئی بغیر مشقت نہیں ہوا
سو بار جب عقیق کٹا تب نگیں ہوا

جاوید ڈینی ایل کے نزدیک ادب اور شاعری محض لفظی آرائش کا نام نہیں بلکہ انسانی احساس، فکری بیداری اور معاشرتی اصلاح کا ایک مؤثر ترین وسیلہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری اور کالموں میں حب الوطنی، اخلاقی اقدار اور کتابی کلچر کے فروغ کے ساتھ ساتھ معاشرتی ناہمواری اور عملی انصاف کی زبوں حالی کے خلاف ایک زوردار آواز کی گونج سنائی دیتی ہے۔
جاوید ڈینی ایل کی شاعری میں ان کی انفرادی سادگی، سوچ کی گہرائی اور فکری بلند پروازی ان کی سخنوری کا انمول خزانہ ہیں، جو ان کے شعری مجموعوں میں موجود ہیں۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ”پانیوں پر پرواز“ 2007ء میں منظرِ عام پر آیا، جبکہ ان کا دوسرا مجموعہء کلام ”شگفتہ گفتگو تیری“ زیرِ طباعت ہے اور بہت جلد دستیاب ہوگا۔

مجھے ان کی طرف سے اس کی پی ڈی ایف موصول ہو چکی ہے، جس کے ایک ایک صفحے نے مجھے بے حد متاثر کیا۔ یوں محسوس ہوا جیسے جذبوں میں ستاروں کی جھلمِل رقصاں ہو، رات کی رانی کی مہکار اور گلابوں کی مسحورکن خوشبو میں سچائی کا جوہر بڑی فیاضی سے اپنا رس نچوڑ رہا ہو۔ بقول صفی لکھنوی؛
شاعری کیا ہے دلی جذبات کا اظہار ہے
دل اگر بے کار ہے تو شاعری بے کار ہے

بلاشبہ جاوید ڈینی ایل کی شاعری میں سادگی، دل نشینی، فکری بلندی، جذبات و احساسات کی گہرائی اور زبان و بیان کی شستگی شعر و سخن کا انمول خزانہ ہیں۔ملاحظہ ہو؛
تیری باتیں صحیفوں کی طرح ہیں
مری تطہیر ہوتی جا رہی ہے
اور سچائی کی درخشانی ملاحظہ ہو؛
کسی کو بے جا صلیب دینا
یہ کام صدیوں سے چل رہا ہے
وہ کہہ رہا ہے اسی کو کافر
کہ جس کے ٹکڑوں پہ پل رہا ہے
اور دیکھیے؛
یہ مثلِ آتش جو جل رہا ہے
یہ عشق مجھ میں ہی پل رہا ہے
غزال آنکھیں، گلاب چہرہ
ہمارے شعروں میں ڈھل رہا ہے

جاوید ڈینی ایل کے اشعار میں شعری حسن و آرائش کے تمام لوازمات جگنوؤں کی طرح ٹمٹماتے دکھائی دیتے ہیں۔ استعارہ، تشبیہ، صنائع و بدائع اور منظرکشی پوری آب و تاب سے جھلکتے دکھائی دیتے ہیں۔
مزید چند اشعار دیکھیے ؛
وہ چہرہ کہ جیسے دعاؤں کا ہالہ
وہ آنکھیں کہ جن پر مجھے خود یقیں ہے
ہماری محبت خدا جانتا ہے
کسی خوب خاتم میں جیسے نگیں ہے
اور دیکھیے؛
کون وہم و گماں میں رہتا ہے
ذکر کس کا بیاں میں رہتا ہے
تم جسے اب تلاش کرتے ہو
اب وہی کہکشاں میں رہتا ہے

منظرکشی ملاحظہ ہو؛
ٹمٹماتی رہی چاندنی رات بھر
جگمگاتی رہی چاندنی رات بھر
چاند چلتا بنا جب اسے چھوڑ کر
پھڑپھڑاتی رہی چاندنی رات بھر

تشبیہ میں تخیل ملاحظہ ہو؛
چاند سا چہرہ آنکھوں میں
پھول ہو جیسے شاخوں میں
خوشبو اس کے ہونٹوں کی
مہکی میری سانسوں میں

کتاب اورعلم کی قدر و منزلت ان کے نزدیک روشنی کے مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ملاحظہ ہو؛
مشینوں سے حاصل ہو دانش مگر
دلوں میں محبت سہانی رہے
کتابوں کو رکھ لیں شریکِ سفر
یہ تہذیب اپنی نشانی رہے
کھلے علم کا در، بڑھے آگہی
دلوں میں سدا ضوفشانی رہے

سماجی بہبود کے حوالے سے شعر ملاحظہ ہو؛
سبھی چہروں پہ ہیں پہرے سبھی لہجوں پہ تالے ہیں
کسی کے دِل تلک جانے کا دروازہ نہیں ملتا
اور معاشرتی ناانصافی کی تصویرکشی ملاحظہ ہو؛
عجب تماشا سا چل رہا ہے
غریب ہاتھوں کو مل رہا ہے

جاوید ڈینی ایل کی شاعری میں محبت اور رومانویت ایک حسین انداز میں جھلکتی ہے۔ دیکھیے:
مجھے تم سے گر عشق کافر نہ ہوتا
غزل تم نہ ہوتی، مَیں شاعر نہ ہوتا

ان کی شاعری میں وطن سے محبت، وفا کی لہراور انسانیت کی بھلائی ملاحظہ ہو؛
اپنے گھر سے وطن سے وفا کیجیے
امن ہو قریہ قریہ دعا کیجیے
درس دیتے ہیں اِنجیل و قرآں یہی
آدمی ہو تو سب کا بھلا کیجیے

جاوید ڈینی ایل کے جاندار کالم بھی قابل ِ قدر اور پُرتاثیر ہیں۔ وہ اپنی صحافتی زندگی میں ایک مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔اُن کے چند قابل ِ ذِکر کالموں میں ”جھوٹا اِلزام اور قانون“، ”دوہرا معیار کیوں؟“ ، ”بچوں کا ماتم آخر کب تک“، ”قرضِ وطن اورآزادی، وفا اور برادری تک“ شامل ہیں۔ اِن کالموں میں قومی وفاداری، قربانی اور صداقت کے تقاضوں کی سادگی، روانی اور عام فہم زبان کی چاشنی پائی جاتی ہے۔ ان کا حسنِ اسلوب، ان کی حقیقت پسند نگارش، معنویت اور پُروقار جدت کا عکاس ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ادب و صحافت کے طویل سفر میں ان کے پائے استقلال میں نہ کوئی لغزش آئی، نہ جنبش۔
خدا ان کے اس پُرشکوہ سفرِ ادب و صحافت کو منزلِ جاوداں نصیب کرے۔آخر میں جاوید ڈینی ایل کو ان کے نئے مجموعہءکلام کی اشاعت پر دِلی مبارک باد دیتا ہوں۔ دُعا ہے کہ ان کا یہ ادبی سفر سدا درخشاں رہے۔ آمین!۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading