خالد عمانوایل — ایک ایمان افروزنغمہ پرداز : جاویدؔ ڈینی ایل

کچھ لوگ لفظوں کو محض اظہار کا وسیلہ بناتے ہیں، مگر بعض تخلیق کار اپنے لفظوں میں احساس، عقیدت اور ایمان کی ایسی روح پھونک دیتے ہیں کہ وہ دلوں سے نکل کر نسلوں کی آواز بن جاتے ہیں۔ خالد عمانوایل بھی ایسی ہی تخلیقی شخصیت ہیں جنہوں نے شاعری، گیت نگاری، تعلیم اور فنِ عروض کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے مسیحی ادبی و روحانی روایت میں ایک قابلِ قدر مقام حاصل کیا ہے۔

خالد عمانوایل کی پہچان اُن کے وہ روحانی گیت ہیں جو مسیحی ایمان داروں میں بے حدمقبولیت رکھتے ہیں۔ اُن کے متعدد گیت زبان زدِ عام ہیں اور وطنِ عزیز کے کئی نامور گلوکار اُنہیں اپنی آواز میں پیش کر چکے ہیں۔ یہ گیت دنیا بھر میں اردو اور پنجابی بولنے اور سمجھنے والی مسیحی کلیسیاؤں میں دورانِ عبادت پرستشِ گائے جاتے ہیں۔ کسی گیت نگار کے لیے اس سے بڑا اعزاز کیا ہو سکتا ہے کہ اس کے لکھے ہوئے الفاظ عبادت میں دہرائے جاتے ہیں جو رُوحانی تازگی اور برکت کا باعث بنتے ہیں۔خالد عمانوایل کی گیت نگاری میں ایمان، محبت، اُمید اور روحانی وابستگی کا رنگ نمایاں ہے۔

ان کی شخصیت کا ایک اور اہم پہلو فنِ عروض سے گہری واقفیت ہے۔ عروض شاعری کی فنی بنیادوں، وزن، بحر اور آہنگ کا علم ہے، جو تخلیق میں توازن اور موسیقیت پیدا کرتا ہے۔ خالد عمانوایل بطورِ شاعر اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ شاعری محض جذبات کا اظہار نہیں بلکہ ایک باقاعدہ فنی ریاضت بھی ہے۔ ایک ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے ان کی شخصیت علم، تربیت اور تخلیقی شعور کی آبیاری سے وابستہ ہے۔

دسمبر 2026ء میں معروف اشاعتی ادارے تادیب پبلی کیشنز کے زیرِ اہتمام اُن کا شعری مجموعہ ’’حمدِ ذبیحے‘‘ زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر منظرِ عام پر آ رہا ہے۔ اس مجموعے میں اُن کے روحانی گیتوں، غزلوں اور نظموں کو یکجا کیا گیا ہے۔ یہ اشاعت ان کے طویل تخلیقی سفر کا اہم سنگِ میل اور مسیحی اردو و پنجابی ادب کے ذخیرے میں ایک قابلِ قدر اضافہ ثابت ہوگی۔

کتاب کا سرورق اپنے اندر ایک خوب صورت علامتی پیغام سموئے ہوئے ہے۔ شوخ اور روشن رنگوں کے پس منظر میں دکھائی دینے والی انسانی ہیئتیں، بلند ہوتے ہاتھ اور سازوں کی جھلک اجتماعی پرستش، روحانی مسرت اور ایمان کے اظہار کی عکاسی کرتی ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے مختلف آوازیں ایک ہی جذبۂ عقیدت میں ڈھل کر خالق کی حمد و ثنا میں مصروف ہوں۔ کتاب کا جاذبِ نظرسرورق اپنے اندر زندگی کی حرارت، روحانی سرشاری اور ہم آہنگی کا احساس نمایاں ہے۔ یہ تصویری تاثر کتاب کے عنوان اور شعری مزاج سے خوب صورت معنوی مناسبت رکھتا ہے۔

’’حمدِ ذبیحے‘‘ محض کلام کا مجموعہ نہیں بلکہ خالدعمانوایل کے احساس، عقیدت، فنی ریاضت اور تخلیقی سفر کی ایک دستاویز بھی ہے۔ اُن کے روحانی گیتوں کی مقبولیت اِس امر کی گواہ ہے کہ اُن کے الفاظ نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔ اب یہی تخلیقی سرمایہ کتابی صورت میں قارئین اور اہلِ ذوق تک پہنچنے جا رہا ہے۔

بلاشبہ خالد عمانوایل اُن اہلِ قلم میں شامل ہیں جو اپنے فن کو ذاتی اظہار سے آگے بڑھا کر اجتماعی ادبی اور روحانی ورثے کا حصہ بناتے ہیں۔ اُن کی خدمات خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔ دُعا ہے کہ اُن کی یہ تصنیف بھرپور پذیرائی حاصل کرے، نئی نسل کو مسیحی ادب سے جوڑے اور اُن کے قلم کو مزید خوب صورت تخلیقات کا وسیلہ بنائے۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading