ماریہ بی بی کیس اور وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کے بعد پاکستان میں ایک نہایت حساس اور سنجیدہ بحث نے جنم لیا ہے، جس میں مذہب، قانون، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے کئی پہلو زیرِ غور آ رہے ہیں۔ اس فیصلے میں مسلمان مرد کو مسیحی عورت سے شادی کی اجازت کو تسلیم کیا گیا، جبکہ مسلمان عورت کے لیے مسیحی مرد سے شادی کی ممانعت بدستور برقرار ہے، جس پر مسیحی برادری کی جانب سے گہرے تحفظات سامنے آئے ہیں۔
مسیحی برادری کا ایک اہم مؤقف یہ ہے کہ اگر ایک مسلمان مرد کو مسیحی عورت سے شادی کی اجازت دی جا سکتی ہے تو اصولِ مساوات کے تحت مسلمان عورت کو بھی مسیحی مرد سے شادی کی اجازت ہونی چاہیے۔ بصورتِ دیگر اس یک طرفہ رعایت کو ختم کیا جانا چاہیے تاکہ قانون میں توازن اور انصاف برقرار رہے۔ ان کے مطابق اس طرح کا امتیاز صنفی اور مذہبی عدمِ مساوات کو ظاہر کرتا ہے، جو جدید دور کے انصاف کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔
اس بحث میں ایک نہایت اہم قانونی اور اخلاقی سوال بھی اُٹھایا جا رہا ہے کہ ایک لڑکی جو اٹھارہ سال سے کم عمر ہو، اسے نہ ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوتی ہے، نہ قومی شناختی کارڈ کے مکمل قانونی اختیارات حاصل ہوتے ہیں، نہ ڈرائیونگ لائسنس، تو پھر وہ اتنے بڑے اوراہم فیصلے—جیسے مذہب کی تبدیلی اور نکاح کا شعور ی اور آزادانہ فیصلہ کیسے کر سکتی ہے؟ مسیحی حلقوں کے مطابق مذہب کی تبدیلی ایک انتہائی سنجیدہ اور عمر بھر کا فیصلہ ہے، جس کے لیے مکمل قانونی بلوغت اور ذہنی پختگی ضروری ہے۔
پاکستان میں جبری تبدیلیٔ مذہب اور جبری نکاح کے واقعات بھی مسیحی برادری کے لیے ایک سنگین تشویش کا باعث ہیں۔ ان کے مطابق یہ مسائل مسیحیوں کے ساتھ مذہبی زیادتی کے مترادف ہیں، جو نہ صرف انسانی حقوق کے اصولوں کے خلاف ہیں بلکہ پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے اُن خیالات سے بھی متصادم ہیں جن میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دی گئی تھی۔
مسیحی برادری کا ایک اور جذباتی اور بنیادی سوال یہ ہے کہ اگر انہیں اس ملک میں انصاف میسر نہیں ہوتا تو وہ کہاں جائیں؟ وہ اس ملک کے محبِ وطن شہری ہیں، اور اس خطے کی تاریخ میں پاکستان بننے سے پہلے سے موجود ہیں۔ ان کے مطابق ایسے قوانین اور عدالتی فیصلے جو یک طرفہ یا متنازع محسوس ہوں، ان میں نظرِ ثانی اور مکالمے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی شہری کو احساسِ محرومی یا عدم تحفظ کا سامنا نہ ہو۔
مسیحی عقیدے کے مطابق بھی شادی ایک مقدس روحانی عہد ہے، اور عمومی طور پر غیر مسیحی سے شادی کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اگر کوئی مسیحی فرد اس اصول کے خلاف جاتا ہے تو کلیسیائی روایات کے مطابق اس کی رکنیت یا روحانی حیثیت متاثر ہو سکتی ہے۔
مجموعی طور پر یہ مسئلہ صرف ایک عدالتی فیصلے تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع تر سماجی، مذہبی اور قانونی بحث کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس میں انصاف، مساوات، مذہبی آزادی اور کمزور طبقات کے تحفظ جیسے بنیادی اصولوں پر سنجیدہ اور غیر جانبدار مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
*******


