شگفتہ گفتگو تیری — احترامِ آدمیت کی شاعری: کرامت بخاری

جاویدؔ ڈینی ایل صاحب کی ’’شگفتہ گفتگو تیری‘‘ شگفتگی، شُستگی اور شائستگی کا دراصل وہ خواب ہے جو ہر تخلیق کار اِس معاشرے میں وقوع پذیر ہوتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے۔ تخلیق کی مقصدیت، ماہیت اور معنویت یہ تقاضا کرتی ہے کہ خوشیوں کے خواب دُھندلے نہ ہونے پائیں، اِس خاک اور دُھول کی دُنیا میں کوئی پھُول کھِلے اور مُرجھائے نہیں۔ شعر دیکھیے؛
ہمیشہ جُستجو تیری
مُجھے ہے آرزُو تیری
بھلی لگتی ہے کانوں کو
شَگُفتہ گُفتگُو تیری

جاویدؔ ڈینی ایل شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ صحافت بھی کر رہے ہیں اور ماہنامہ ’’نیا تادیب‘‘ لاہور/ملتان کے چیف ایڈیٹر ہیں، جسے وہ ربع صدی سے باقاعدگی کے ساتھ شائع کر رہے ہیں۔ وہ اپنی زندگی کا بہترین حصہ ادب اور زبان کی خدمت میں صرف کر رہے ہیں۔ اُن کی شاعری کے حوالے سے میری یہ مختصر تحریر تعارف اور اُن کی تعریف کے ضمن میں ہے۔

بغض و حسد کے لات و منات کو چھوڑنا اور توڑنا ہر کسی کے بس میں نہیں۔ جاویدؔ صاحب کلوریؔ سے کربلاؔ تک کی ساری سچائیوں کو جانتے ہیں۔ وہ میرے ایوانِ دِل میں ایک بُلند مَسند پر فائز ہیں۔ اُنھیں حریمِ ادب اور حریمِ دِل میں قیام پذیر سمجھتا ہوں۔ اِن سے ادبی ارتباط، قلمی مُراسَلَت اور معاونت رہی ہے۔ میرے لیے قطعِ ربطی عذابِ الیم ہے۔
اُن کا ایک شعر دیکھیے؛
کہانی اَن کہی تھی جو ہماری
وہی تحریر ہوتی جا رہی ہے

اُن کی تحریریں اور تخلیقات زندگی کی صداقتوں، واقعیت اور مقصدیت کے گرد گھومتی ہیں۔ اُن کی شاعری کے موضوعات عظمتِ انسانیت، احترامِ آدمیت، اَمنِ عالم، صداقت، شرافت اور شُستگی سے عبارت ہیں۔ اِنسان کے دُکھ، دَرد، تنہائی اور ابتلا کا ذِکر کرتے ہوئے اچھے خواب دیکھتے ہیں۔ یہی کسی بڑے تخلیق کار کا منصب ہے۔
یہ اشعار ملاحظہ کیجیے؛
یہ کون تاریخ کو بدل کے
ہمارا چہرہ مسل رہا ہے
کسی کو بے جا صلیب دینا
یہ کام صدیوں سے چل رہا ہے

جاویدؔ ڈینی ایل صاحب غزل کے شاعر ہیں، سہلِ ممتنع اور تازہ کاری کے امین ہیں، رموزِ غزل سے واقف ہیں۔ اُن کی تخلیقات اعلیٰ اخلاقی قدروں اور عالمی برادری کے لیے امن و سلامتی کا پیغام ہیں۔

اگر کوئی شاعر مشکل زمینوں، نامانوس قافیوں، کم مستعمل اور غیر مستعمل بحروں کا استعمال کر کے کوئی اَدَق سا خیال لکھ لاتا ہے، جسے پڑھنے میں دشواری ہو اور روانی متاثر ہوتی ہو، تو ایسی شاعری خواص تک محدود رہتی ہے، زبان زدِ عام نہیں ہوتی۔

جاوید ڈینی ایل سادہ اسلوب، عام فہم زبان اور آسان انداز سے اپنی بات اور فکر کو ابلاغ تک پہنچانے کا فن جانتے ہیں۔ پورے شعری محاسن کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہیں۔ اِن کے اشعار میں گہرائی، گیرائی اور کم سے کم الفاظ میں کثیر معنی پوشیدہ ہوتے ہیں۔ غم و اندوہ کے ماحول میں نشاط و فرحت کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔ ایک مضمون کو کئی رنگوں سے باندھتے ہیں اور ناصح اور خطیب بھی نہیں بنتے، بلکہ قاری کے دِل و دماغ کو آسودگی اور طمانیت عطا کرتے ہیں۔

یقیناً اُن کی شاعری قبولِ عام و عوام کی سند حاصل کرے گی اور اردو ادب میں خوب صورت اضافہ قرار پائے گی۔ دعاگو ہوں کہ جاوید ڈینی ایل صاحب جیسے اہلِ دل اور اہلِ علم لوگ سدا سلامت رہیں اور معاشرہ اِن کی گراں قدر تخلیقات سے استفادہ کرتا رہے۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading