شگفتہ گفتگو تیری — سلاست و نغمگی : شہزاد نیر

مجھے جاوید ڈینی اِیل کی شاعری سننے کا اتفاق بھی ہوا اور پڑھنے کا بھی۔ یہ سادہ، سلیس اور رواں شاعری پڑھنا اور سننا خوش گوار تجربہ ہے۔ چھوٹی بحر جاوید ڈینی اِیل کو مرغوب ہے۔ بہت سی غزلوں میں سہلِ ممتنع کا سا انداز پیدا ہو گیا ہے۔ موسیقیت اور روانی ایسی کہ کئی غزلیں بہ سہولت گائی جا سکتی ہیں۔ ان غزلوں میں وہی دل ربا میٹھی آنچ ہے جو رومان کی نغمگی میں ہوتی ہے۔ خیالات اور مضامین بھی خود پر گزرے اور خود پر سہے ہوئے ہیں ۔ جہاں حالات اور گرد و پیش کا ذکر ہے وہاں اَمن و محبت اور برابری کی خواہش عود کر آتی ہے۔

کسی کو بے جا صلیب دینا
یہ کام صدیوں سے چل رہا ہے


“شگفتہ گفتگو تیری” جاوید ڈینی اِیل کا دوسرا شعری مجموعہ ہے۔ پہلا شعری مجموعہ “پانیوں پر پرواز” 2007 میں شائع ہوا تھا۔ اتنے لمبے وقفے کے بعد سامنے آنے والے اس مجموعے میں جابجا ایسے اشعار ہیں جو اپنی سہل ترسیل اور سادہ زبان کے باعث دِل کو بھاتے ہیں۔ ان کی شاعری میں ایک نزاکت اور نفاست ہے جو پڑھنے والے کو متاثر کرتی ہے۔ ان کی نظموں میں بھی سادگی اور سلاست کے عناصر نمایاں ہیں۔ وہ وطن کے لیے نظم کہیں یا ماں کے لیے، ایک جیسے جذبوں کی مہک محسوس ہوتی ہے۔

جاوید ڈینی اِیل کا شعری سفر جاری ہے۔ ان کے اندر شعری مضمون کی تلاش اور پیشکش کے بہت سے امکانات مستور ہیں۔ امید ہے وہ یونہی جادہء شاعری پر رواں دواں رہیں گے اور مزید شعری امکانات بروئے کار لاتے رہیں گے۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading