زندگی میں بعض اوقات ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو آپ نے پہلے صرف فلموں میں ہی دیکھے ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک تجربہ ہم نے چند روز پہلے کیا۔ اتوار، ۲۱ جون کو، شام پانچ بجے کے قریب، فادرز ڈے کے موقع پر ہمارے خاندان کو پنسلوینیا، امریکہ میں ایک غیر متوقع خوفناک صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اسی دوران ہم نے سڑک کے کنارے بھورے رنگ کے لپٹے ہوئے کاغذ کا ایک بڑا ڈھیر دیکھا۔ میں نے ابتدا میں سوچا کہ شاید کوئی مرا ہوا ہرن ہے؛ اینجلینا کو خیال آیا کہ شاید کوئی انسان ہو۔ اسی دوران ہم سے آگے چلنے والے ٹریکٹر ٹریلر کی اس ڈھیر سے ٹکر ہو گئی۔ کاغذ کا وہ ڈھیر گھومتا ہوا ہماری گاڑی کے نیچے آ گیا اور گاڑی کے نچلے حصے میں پھنس گیا۔
یہ ایک تعمیراتی علاقہ تھا، اس لیے سڑک پر جگہ کم تھی، لیکن ہم نے کسی طرح گاڑی سائیڈ پر روکی تاکہ کاغذ نکالنے کی کوشش کریں۔ چند ہی لمحوں میں ہمیں جلنے کی بو آئی ۔ کاغذ نکالنے سے پہلے ہی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ ہم نے فوری طور پر تینوں بچوں کو باہر نکالا، جن میں سے دو اس وقت سو رہے تھے۔ اچانک جاگ کر کار سیٹوں سے باہر کھنچے جانا ان کے لیے تکلیف دہ تھا۔ جلدی میں، میں صرف اپنا لیپ ٹاپ بیگ ہی نکال سکا۔ باقی سب کچھ پیچھے رہ گیا۔ چند منٹوں میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاک ہو گئی۔
ایمرجنسی نمبر911 پر ہماری کال کے فوری بعد پولیس اور فائر فائٹرز پہنچ گئے۔ ٹریفک بالکل رک گئی اور اس واقعے کی خبر مقامی ریڈیو نیوز پر بھی آئی۔ جس بات نے ہمیں متاثر کیا وہ ہمارے آس پاس کے لوگوں کا ردِّ عمل تھا۔ کئی لوگ اپنی گاڑیوں سے باہر نکل کر مدد کی پیشکش کرنے آئے۔ ایک انڈین خاندان نے سڑک کے کنارے ہمارے بچوں کو روتے ہوئے دیکھا، انہیں اپنی گاڑی میں بٹھایا، اور پھر ہمارے پورے خاندان کو اینجلینا کے والدین کے پاس پہنچایا۔ ہم ان کی یہ مہربانی کبھی نہیں بھولیں گے۔
پورا واقعہ بہت ناقابلِ یقین محسوس ہو رہا تھا — جیسے آرنلڈ شوارزنیگر کی فلم ٹرمینیٹر کا کوئی منظر ہو۔ فرق صرف یہ تھا کہ ہم سینما کی کرسی پر بیٹھ کر نہیں دیکھ رہے تھے — ہم خود اس کے بیچ میں تھے۔ خدا کے فضل سے، اینجلینا اور میں ساری صورتِ حال میں مطمئن اور پُراعتماد رہے۔ گاڑی اور اس میں موجود سامان کے نقصان پر افسوس کرنے کے بجائے، ہم بار بار شکرگزاری کرتے رہے کہ ہمارے بچے محفوظ ہیں، ہم سب ایک ساتھ ہیں، اور خدا کا حفاظتی ہاتھ ہم پر رہا۔
جو کچھ ہوا اس کے باوجود، ہمارے دلوں میں ایک حیرت انگیز سکون اور خدا کے لیے شکرگزاری ہے۔ اس تجربے نے ہمیں یہ سنجیدہ حقیقت بھی یاد دلائی کہ دنیا کی ہر مادی چیز — حتیٰ کہ ہمارے اپنے جسم بھی — فانی اور ناپائیدار ہیں۔لیکن ہمارے پاس یہ زندہ امید سے ہے کہ ایک دن ہم اپنے خداوند یسوع مسیح کے ساتھ نئے آسمان اور نئی زمین میں رہیں گے، جہاں موت اور فنا کا کوئی نام و نشان نہ ہوگا۔
خداوند کے فضل اور سلامتی کے لئے شکرگزار دِل کے ساتھ ۔۔۔(طارق اور اینجلینا)
*******



