پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو استحکام دینے اور اُنہیں بااختیار اور خود انحصار بنانے کے لئے باقاعدہ طور پر لاہور میں پہلا کاروباری اِنکیوبیٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ اِس انقلابی اقدام کا مقصد مسیحی نوجوانوں کو کاروبار کرنے کے لئے تربیت ، رہنمائی اور مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ اِس پروگرام سے مستفید ہو کر وہ خود اپنا کاروبار شروع کر کے اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکیں گے۔
مشاہدہ ہے کہ کاروباری شعبہ میں مسیحیوں کی بہت کم تعداد ہے۔ یہ منصوبہ اِس خلا کو پُر کرنے کی غرض سے شروع کیا گیا ہے۔ اِس پروگرام کی شروعات عمرکوٹ (سندھ)، بہاولپور ،ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والے چھ مسیحی نوجوانوں سے کی گئی ہے ۔
اُمید کی جاتی ہے کہ یہ پلیٹ فام نوجوانوں کے لئے پاکستان میں مسیحیوں کے محروم طبقہ کے لئے اُمید کی ایک کرن بنے گا ۔ ابتدائی طور پر اِس پہلے اِنکیوبیٹر کو لاہور میں پاکستان کی معروف کمپنی ایفوریا ایکس آر کے اشتراک سے قائم کیا ہے۔ سنٹر میں طلباءکو ، ٹیم ورک ، آئیڈیاز کی جانچ، مارکیٹنگ ، سیلز اور بزنس سٹرٹیجی جیسی کاروباری مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں۔
سنٹر کی افتتاحی تقریب میں چرچ آف پاکستان کے ماڈریٹر ، بشپ آف رائیونڈ تقدس مآب بشپ آزاد مارشل کے سینئرچپلن عزت مآب ریورنڈ شہزاد گِل اور چیئر مین پیس میکرز پاسٹر رابنسن نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ اُنہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور اُنہیں برکت دی۔
سنٹر کی انچارج محترمہ ماہ رخ نے اِس موقع پر کہا کہ ”یہ ایک کاروباری انکیوبیٹر ہی نہیں بلکہ یہ ایک تحریک ہے جس کے ذریعے ہم رکاوٹوں کو عبور کر کے نئی قیادت تیار کر رہے ہیں۔ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کا مسیحی نوجوان ایک باصلاحیت ، پُر عزم اور حوصلہ مند شہری ہے جو اپنی صلاحیتوں کے ساتھ پاکستان کی معیثت میں تبدیلی لا سکتا ہے۔ ہمارا یہ کاروباری انکیوبیٹرنوجوانوں کو بااختیار ، خود مختار اور خود انحصار بنانے کے لئے ایک ایسا قدم ہے جو آنے والے وقت میں پاکستان کے کاروباری منظر نامے کی ازسرِ نو تشکیل دے گا ۔