افضل جیکب-ایک ہمہ جہت شخصیت : حمید ہنری

حقیقت یہ ہے کہ آٹھ مارچ دوہزار چھبیس کو عزیزم افضل جیکب کے خداوند میں سو جانے کے بعد کاتھولک برادری اور کلیسیا ایک معزز ماہر تعلیم اور مخلص سماجی کارکن سے محروم ہوگئی۔ ان کی زندگی معیاری تعلیم ، سماجی انصاف اور انسانیت کی خدمت کے لئے وقف رہی۔

جناب افضل جیکب نے اپنی زندگی کی کئی دہائیاں شعبہء تعلیم میں پاکستانیوں کی خدمت میں گزاریں اور اپنی بے لوث قیادت اور بصیرت سے بے شمار طلبا و طالبات کی زندگیوں کو سنوارا۔ انہوں نے سینٹ جوڈز ہائی اسکول اور بعد ازاں سینٹ پال ہائی اسکول، کراچی کے پرنسپل کے طور پرشاندار خدمات سر انجام دیں۔ ان دونوں اداروں میں ان کی قیادت کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے ہمہ تن مصروف رہے۔ ان کی رہنمائی میں طلبا کی نہ صرف تعلیمی بلکہ اخلاقی اور روحانی تربیت پر بھی خاص توجہ دی گئی۔

تعلیم و تربیت کے حوالے سے ان کی وابستگی نیشنل کاتھولک انسٹی ٹیوٹ آف تھیالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کی حیثیت سے بھی نمایاں رہی۔اس حیثیت میں انہوں نے اپنے تجربے اور بصیرت کے ذریعے مستقبل کے کلیسیائی قائدین کی تعلیم و تربیت میں نمایاں معاونت کی۔ مسٹر افضل جیکب سینٹ پیٹرک کالج ، کراچی کے بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی رہے۔ جہاں ان کی پُر مایہ مشاورت نے اس ادارے کی شاندارعلمی روایت نیز معاشرے اور ملک کی خدمت کے مشن کو مضبوط بنانے میں مدد دی۔ انھوں نے کےتھولک بورڈ کے اردو میڈیم سکولوں کے انسپیکٹر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں جو عموماً پسماندہ علاقوں جیسے کہ اعظٰم ٹاؤن، قیوم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تھے۔

اپنی پوری زندگی میں مسٹر افضل جیکب ایک مخلص اور ہمدرد شخصیت کے طور پر جانے جاتے رہے۔خاص طور کم مالی وسائل رکھنے والے مستحق طلبا کو وہ اپنے زیرِانتظام اسکولوں میں فیاض دلی سے داخلہ دیتے تھے۔ وہ تعلیم اور ایمان کی قوت پر گہرا یقین رکھتے تھے ۔ ان کے ساتھی انہیں اصول پسند رہنما اور ہمدرد سر پرست کے طور پر یاد کرتے ہیں، جبکہ ان کے طلبا انہیں ایک ایسے استاد کے طور پر یاد رکھتے ہیں جنہوں نے انہیں زندگی کے مقصد کے حصول کے لئے دیانت کے ساتھ علم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔

تعلیمی میدان کے علاوہ افضل جیکب صاحب نے دیگر کاتھولک اداروں میں بھی رضاکارانہ طور پر قابل قدر خدمات سر انجام دیں۔ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مرحوم ادارہ امن و انصاف کے ایگزیگٹو بورڈ کے رکن رہے ، جہاں انہوں نے انسانی حقوق ، سماجی انصاف، محنت کشوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد میں حصہ لیا۔

بشپ بنی ٹریوس نے افضل جےکب کی کراچی میں میموریل سروس میں فرمائے، اپنی پوری زندگی میں جیکب ایک عاجز اور خداپرست انسان رہے جو تعلیم کی زندگیاں بدل دینے کی طاقت پر یقین رکھتے تھے۔ سینٹ جوڈز اسکول کراچی کے استاد جناب ساگر بھٹی کے مطابق، ان کے انتقال سے تعلیمی میدان میں خاص طور پر کراچی میں گہرا خلاء پیدا ہو گیا ہے، لیکن ان کی میراث ان اداروں میں رہے گی جن کی انھوں نے خدمت کی اور بہت سی زندگیوں کو چھوا۔ کراچی میں ان کے میموریل ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کے بھائی اور انسانی حقوق کے معروف کارکن ،پیٹر جیکب نے کہا، ہم نے افضل بھائی کو افسوس مگر فخر اور اطمینان کے ساتھ سپردِ خاک کیا۔ انھوں نے ایک باوقار زندگی گزاری اور بہت سے ساتھیوں کے لئے ترقی اور خوشی کا باعث بنے۔

لاہور میں افضل جیکب کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران ان کی بیٹی ڈاکٹر ایشلی ردا جیکب نے کہا، میں نے اپنے پاپا کو ایک محبت کرنے والے شوہر اور ذمہ دار باپ کی حیثیت سے پایا۔ پاپا نے اپنی اولاد اور اپنے خاندان کے لئے دیکھے گئے سنہری خوابوں کے حصول کے لئے، اپنے اصولوں کو بروئے کار رکھتے ہوئے انتھک محنت کی۔ان کی زندگی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔

افضل صاحب کی تعلیمی خدمات کا ثمر نہ صرف ان کے شاگردوں کی کامیابی بلکہ ان کی اولاد کے شاندار تعلیمی اور پیشہ وارانہ کارناموں میں بھی نمایاں ہوتا ہے۔خداوند کا شکر ہو کہ آج ان کی شریک حیات (ریٹائرڈ چیف نرسنگ سپرنٹینڈنٹ،عباسی شہید ہسپتال کراچی) اور بچوں کی کامیاب زندگی میں افضل صاحب کے خواب شرمندہ ء تعبیر ہوئے ہیں۔ان کے بڑے بیٹے ڈاکٹر ایشلے جیکب کراچی میں سینئر فارماسسٹ،ٹراما سنٹرجبکہ چھوٹے بیٹے ڈاکٹر ایشبیل جیکب ، نیو جرسی امریکہ میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
مرے لہو کی تمازت ہے تیرے چہرے پر
مرے بڑھاپے نے بخشا تجھے شباب  نیا             -(حمید ہنری)

افضل جیکب صاحب کے انتقال سے ہماری تعلیمی اور کاتھولک برادری ایک قابلِ قدر شخصیت سے محروم ہوگئی۔ ان کی خدمات اور یادیں ان اداروں اور لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی جنہیں انہوں نے کسی نہ کسی حوالے سے متاثر کیا۔ ہم افضل صاحب کی اہلیہ مسز مارگریٹ ، ان کے بچوں اور خاندان کے تمام افراد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ خداوند مرحوم کی روح کو ابدی آرام عطا فرمائے۔ آمین!۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading