لاہور (تادیب) پاکستان بائبل سوسائٹی کا ـ’’چوبیسواں اسپورٹس فیسٹیول-2025‘‘ کی ایک پُر وقار تقریبِ تقسیمِ انعامات کے ساتھ کیتھیڈرل چرچ، دی مال روڈ، لاہور میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب پی بی ایس کی سالانہ جنرل میٹنگ کے ہمراہ منعقد کی گئی، جس کا اہتمام پریذیڈنٹ پی بی ایس ڈاکٹر لیاقت قیصر اور جنرل سیکرٹری پی بی ایس پادری اظہر مشتاق کی قیادت میں نہایت عمدہ انداز میں کیا گیا۔ اس موقع پر جی ایس- پی بی ایس نے سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی۔ جس میں ادارے کی سال بھر کی نمایاں سرگرمیوں، کامیابیوں اور مختلف شعبوں میں پیش رفت کو جامع انداز میں اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر اِرم انجم نے بطورگیسٹ سپیکر شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کلامِ الہٰی کا بابرکت پیغام پیش کیا، جسے شرکائے تقریب نےنہایت توجہ اور عقیدت سے سنا اور فیوض و برکات حاصل کیں۔پروگرام کے اہم حصے میں معزز مہمانانِ گرامی نے کرکٹ، بیڈمنٹن اور باسکٹ بال کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
اس کے علاوہ بائبل کوئز، بائبل مقدس کی زبانی آیات، تلاوتِ بائبل مقدس، آرٹ مقابلہ اور مضمون نویسی میں حصہ لینے والے شرکاء کو بھی ان کی کاوشوں کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس اور اعزازات سے نوازا گیا۔تقریب اپنے اختتام کو اس خوبصورت احساس کے ساتھ پہنچی کہ منتظمین، شرکاء اور مہمانوں کی مشترکہ کاوشوں نے اس فیسٹیول کو ایک یادگار اور کامیاب سنگِ میل بنا دیا۔ آخر میں پاکستان بائبل سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری پادری اظہر مشتاق نے تمام معاونین اور شرکاء کی خدمات کو سراہا اور ان کے تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا گیا۔
*******


