اقلیتیں ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں: مریم نواز

ملتان(نیاتادیب) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے کہا ہے کہ سماجی ہم آہنگی کا فروغ پنجاب حکومت کے بنیادی ایجنڈا کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز نے ایوان کے اندر اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ اقلیتیں ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور میں بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سماجی ہم آہنگی کے فروغ پر منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گل دستہ ہے، ایک دوسرے کو برداشت کر کے ہی ملکی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ سیمینار کے مہمان خصوصی اقلیتی ایم این اے عامر نوید جیوا تھے جبکہ یونیورسٹی اساتذہ، سماجی اور سیاسی رہنماؤں، سماجی تنظیموں کے نمائندوں، پولیس و دیگر سرکاری محکموں سے وابستہ خواتین و حضرات نے سیمینار سے خطاب کیا۔ عامر نوید جیوا نے کہا کہ رنگ، نسل، مذہب، عقیدہ کی بنیاد پر تفریق پیدا کرنے والی سوچ کا خاتمہ کرنا ہوگا، اسی طور قائداعظم کے وژن کے حامل پاکستان کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔ ریاست کو ایک ایسا بیانیہ تشکیل دینا ہوگا جس میں معاشرے کے تمام طبقات کی ترجمانی شامل ہو۔ فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے سربراہ غلام مصطفی نے کہا کہ امن و مان اور سماجی ہم آہنگی کے قیام و فروغ کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دے۔ سیمینار سے ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ، صدر نشیں شعبہ اردو زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر فرزانہ کوکب، ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب، ڈاکٹر مقرب، زاہدہ قریشی، شاہ نواز خان، عنبرین بلوچ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading