محترمہ پروفیسر ڈاکٹر وکٹوریہ پیٹرک امرتؔ کی یاد میں پیٹرک خاندان کی جانب سے ایک پُروقار تقریبِ خراجِ عقیدت اور خصوصی عبادت

لاہور(تادیب) 16نومبر 2024کو شام 6بجے ،نیشنل چرچ ،بہارکالونی ، کوٹ لکھپت لاہور میں نامورشاعرہ ، ادیبہ ، افسانہ نگار، گیت نگار، کہانی نویس اور ترجمہ کار محترمہ وکٹوریہ پیٹرک امرتؔ کی یاد میں پیٹرک خاندان کی جانب سے ایک پُروقار تقریب ِ خراجِ عقیدت اور خصوصی عبادت کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اُن کی ادبی و فنی خدمات کو اُجاگر کرنے کے لیے تقریب کو تین حصوں یعنی عبادت، اظہارِ خیال اور مشاعرہ میں منقسم کیا گیا۔

تقریب کا آغاز پادری شہروز جاوید کی دُعا اور کلام ِ خداوند ی سے ہوا۔عبادت کے دوران جناب عطاالرحمٰن سمن کی راہنمائی میں کوائر نےپروفیسر صاحبہ کے پسندیدہ گیت اور زبور گائے۔بعد ازاں خرم شہزاد نے نظامت کرتے ہوئے تقریب کا تعارف کراتے ہوئے دوسرے حصے کا آغاز کیا جس میں پروفیسر وکٹوریہ کی زندگی کی مختلف جہتوں پرمشتمل ایک جامع ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں اُن کے شاگردوں میں سے تکمنت کریم اور ثمر گردیزی نےاپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔اور بیرونِ ملک مقیم اُن کے صاحبزادے جناب عمران پیٹرک ، اُن کی بہو وینس عمران ، اُن کی پوتی مس ایاہ عمران اور بیٹی ثنا سلاتی ایل نے اُن کی محبت اور شفقت کو یاد کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سالٹ لیک امریکہ سے جناب اسنفرجوزف امین نےاپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ان تمام پیغامات کی ویڈیوملٹی میڈیا پر دکھائی گئی۔

بعد ازاں مشاعرے کا آغاز ہوا جس کی نظامت کے فرائض پادری عرفان نشاطؔ چوہدری (ڈپٹی ایڈیٹر ماہنامہ”نیاتادیب” لاہور)نے ادا کیے۔ مشاعرے کی صدارت معروف دانشور، صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعرجناب نذیر قیصر نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی معروف موسیقار اور شاعر جناب اُستاد پرویز پارس تھے۔ معروف شاعرہ، افسانہ نگاراور آس ادبی فورم کی بانی و چیئرپرسن محترمہ آسناتھ کنولؔ، معروف فسانہ نگار اور آس ادبی فورم کے صدر جناب آصف عمران مہمانانِ اعزاز تھے۔

حسب ِ روایت پادری عرفان نشاطؔ چوہدری نے اپنے منظوم خراجِ عقیدت سے مشاعرے کا آغاز کیا اور فریم شدہ کلام محترمہ وکٹوریہ پیٹرک کی صاحبزادی محترمہ ہما پیٹرک کو بطورِ یاد گار پیش کیا ۔ جنا ب نذیر قیصر، اُستادپرویز پارس، محترمہ آسناتھ کنول ، جناب آصف عمران ، جناب ڈاکٹر عادلؔ امین (چیئرمین خزینہءسُخن)، جناب ساجد پال ؔ ساجد (صدر قصرِ ادب)، جناب ڈاکٹر طارق جاوید طارقؔ (صدر پاکستان کرسچن رائیٹر گلڈ لاہور)، جناب جاویدؔ ڈینی ایل (بانی و مدیرِ اعلیٰ ماہنامہ” نیاتادیب”لاہور/ملتان) ، جناب نوید انجم ، جناب ڈیوڈ پرسی، جناب یونس وریام ، جناب خالد ِ حقانی،جناب پادری نعمان جوزف، جناب ڈاکٹر ملٹن ممتاز، پادری جاوید اقبال جوشؔ، محترمہ سٹیلا ظفر اور محترمہ نیلم وحید نےپروفیسر وکٹوریہ پیٹرک امرتؔ صاحبہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنا اپنا منظوم اظہارِ عقیدت پیش کیا۔مارٹن پور سے آئے ہوئے پاسٹر فرخ امتیاز نے پروفیسر صاحبہ کا کلام مترنم پیش کیا۔ بعدا زاں پروفیسر وکٹوریہ صاحبہ کی مشہورِ زمانہ نظم “آدھی گواہی” اُن کی اپنی آواز میں ریکارڈنگ سنائی گئی۔

یہ امر قابل ِ ذکر ہے کہ محترمہ کی عقیدت میں معروف شاعر، صحافی اور ہفت روزہ “کہانت” کراچی کے مدیرِ اعلیٰ جناب آرتھر برکی آرتھر،ایڈووکیٹ اور معروف شاعر جناب ستار ساحل، معروف شاعرجناب آفتاب جاوید،معروف موسیقارو گلوکارجناب ڈاکٹر نعیم سلیم، معروف پرستار معظم گِل اور معروف پرستار ظفر اقبال (کنگ ٹی وی) ، بینسن وارث، حبیب صدیق بھٹی، اعجاز گل، مسزآصف عمران، مسز عابدہ قیصر اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔آخر میں محترمہ وکٹوریہ پیٹر ک کے دامادعاشررضوان صاحب نے شرکائے تقریب اور چرچ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اورپیٹرک خاندان کی جانب سے حاضرین کو کھانا پیش کیا۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading