معروف ماہرِ تعلیم جناب پروفیسر ولسن ولیم 75برس کی عمر پا کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

کراچی (تادیب) معروف مسیحی ماہرِ تعلیم جناب پروفیسر ولسن ولیم 19 ستمبر 2024 کو مختصر علالت کے بعد 75برس کی عمر پا کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ پروفیسر ولسن ولیم قلب کے عارضے میں مبتلا تھے اور چند دِنوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی۔ وہ باقاعدگی سے اپنے ڈاکٹرز کے پاس چیک اپ اور علاج کروا رہے تھے تاہم ان کی گذشتہ دنوں طبیعت زیادہ خراب ہوئی اور وہ ایس آئی یو ٹی ہسپتال میں شام چار بجے انتقال کر گئے۔
پروفیسر ولسن ولیم شعبہءتدریس سے وابستہ رہےاور سینٹ جوزف کالج کراچی میں بطور فزکس پروفیسر اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ 2005 سے 2009 تک گورنمنٹ بوائز  ڈگری کالج، کورنگی نمبر ڈھائی کے پرنسپل بھی رہے ہیں۔
وہ ایک نفیس اور اصول پسند انسان تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی شعبہء تعلیم کے لیے وقف کی اور مسیحی ایمان کے مطابق اپنی عملی زندگی بسر کی۔ اُن کے جنازے کی آخری رسومات 21ستمبر 2024،بروز ہفتہ، دوپہر 3 بجے سینٹرل بروکس چرچ، صدر کراچی میں ادا کی جائے گی جب کہ تدفین گورا قبرستان میں ہو گی۔
اُن کی اچانک وفات پر خاندان کے افراد، اُن کے طلباء، کلیساء کے ممبران اور تعلیمی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے دُکھ و رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے اور لوگ اُن کے خاندان کو تسلی دے رہے ہیں اور مرحوم کی رُوح کےلئے خصوصی دُعائیں کررہے ہیں۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading