جشنِ نذیر قیصر — عہدِ حاضر کے ممتاز شاعر کو شاندار خراجِ تحسین

لاہور (تادیب)  — معروف شاعر، دانشور اور ادبی شخصیت نذیر قیصر کے اعزاز میں ایک شاندار ادبی تقریب “جشنِ نذیر قیصر” منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے شعرا، ادیبوں، دانشوروں اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور اردو ادب میں نذیر قیصر کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اور متعدد ادبی کتابوں کے خالق نذیر قیصر کے اعزاز میں منعقدہ یہ تقریب 17 جنوری 2026 بروز ہفتہ ہوٹل پاک ہیرٹیج، ڈیوس روڈ لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس ادبی جشن کا اہتمام معروف ادبی تنظیم شہرِ ادب نے ایس آر پروڈکشن کے خصوصی تعاون سےکیا۔

تقریب کے پہلے حصے کی صدارت ممتاز دانشور ڈاکٹر نجیب جمال نے فرمائی، جبکہ ڈاکٹر محمد کامران، مسعود علی خان، بلقیس ریاض، سعیدہ دیپ، کوثر جمال چیمہ اور عبدالوحید چغتائی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ مقررین نے نذیر قیصر کی شاعری کو عہدِ حاضر کی روح، کلاسیکی روایت کی خوشبو اور فکری بصیرت کا حسین سنگم قرار دیا۔

پہلے سیشن میں اظہارِ خیال کرنے والوں میں محمد عباس مرزا، آصف عمران، ارشد نعیم، علی آصف، صفیہ کوثر، رخشندہ نوید، زوبیہ انور، ڈاکٹر فضیلت بانو، ڈاکٹر صائمہ کامران، پونم نورین، ڈاکٹر زرقا نسیم غالب اور آفتاب جاوید گیانی شامل تھے، جنہوں نے نذیر قیصر کی شاعری کے فکری، جمالیاتی اور سماجی پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

تقریب کے دوسرے حصے کی صدارت معروف ادیب ڈاکٹر امجد طفیل نے کی، جبکہ شہزادہ شبیر احمد صدیقی، غلام حسین ساجد، بابا نجمی اور ڈاکٹر عرفان الحق مہمانانِ خصوصی تھے۔ اظہارِ خیال کرنے والوں میں شہزاد نیئر، نوید صادق، رضا رومی، منشا قاضی، آسناتھ کنول، صبا انیل، افشین اور ایس آر پروڈکشن کے منیجنگ ڈائریکٹر انیل لارنس شامل تھے، جنہوں نے نذیر قیصر کو عہدِ حاضر کا وہ مینارِ نور قرار دیا جس کی روشنی میں ادب کی راہیں روشن ہیں۔

اس موقع پر جشنِ نذیر قیصر کا کیک بھی تمام معزز مہمانوں کے ہمراہ نذیر قیصر نے کاٹا، جس پر حاضرین نے تالیاں بجا کر اس یادگار لمحے کو مزید خوشگوار بنا دیا۔

یہ شاندار ادبی تقریب ایس آر پروڈکشن کے تعاون سے منعقد ہوئی جسے شہرِ ادب کی مکمل سرپرستی حاصل تھی۔ پروگرام کی نظامت شہزاد نیئر اور صفیہ کوثر نے نہایت شائستگی، روانی اور جمالیاتی حسن کے ساتھ انجام دی، جسے شرکائے محفل نے بے حد سراہا۔

محفل کا ہر لمحہ ترتیب، وقار اور حسنِ ذوق کی مثال بن گیا۔ جشنِ نذیر قیصر دراصل ایک شاعر کی نہیں بلکہ ایک عہد کی تکریم تھی۔ یہ وہ شام تھی جب لفظوں نے سر جھکایا، خیال نے سلام کیا اور تخلیق نے اپنے محسن کے قدموں میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نذیر قیصر کا نام اس محفل میں صرف پکارا نہیں گیا بلکہ ہمیشہ کے لیے دلوں میں لکھا گیا۔

معروف شاعر اور صحافی جاویدؔ ڈینی ایل نے محترم نذیر قیصر کو جشنِ نذیر قیصر کے اہتمام پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading