انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی زندگی وقف کرنے والی ہمدرد خاتون مدر ٹریسا کا یومِ پیدائش 26 اگست کو منایا جائے گا۔مدر ٹریسا سن26 اگست 1910ء کو پیدا ہوئیں۔مدر ٹریسا کا اصلی نام انجیزے گونزے تھا جو مذہب کے اعتبار سے مسیحی تھیں۔ انہوں نے سلطنتِ عثمانیہ کے دور میں مقدونیہ کے شہر سکوپیہ میں جنم لیا۔ قومیت کے اعتبار سے البانیہ اور مقدونیہ دونوں یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ مدر ٹریسا ان کی شہری تھیں۔مدر ٹریسا مذہبی خانوادے سے تعلق رکھتی تھیں۔ ابتدائی تعلیم یوگو سلاویہ کے مسیحی اسکول سے حاصل کرنے کے بعد 10 سال کی عمر میں ہی ان کے والد کا انتقال ہوگیا۔
بعد ازاں 1928ء میں مدر ٹیریسا آئر لینڈ کے شہر ڈبلن چلی گئیں تاکہ مزید دینی تعلیم حاصل کرسکیں۔ خدمتِ خلق کا جذبہ رکھنے والی مدر ٹریسا کو بنگال کی ایک خانقاہ بھیجا گیاجس کے کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے اپنا نام تبدیل کر لیا۔ راہبہ بن کر مذہب سے وابستہ ہونے والی انجیزے گونزے نے سسٹر ٹریسا کا نام اختیار کیا۔مشنریز آف چیریٹی نامی ادارہ مدر ٹریسا نے 1950ء میں 12 راہباؤں کے ساتھ مل کر قائم کیا۔ بعد ازاں یہ راہب 450 ہو گئے جو 137 ممالک کے عوام کی خدمت کرنے لگے۔ یہ فلاحی ادارہ عوام کا مفت علاج، یتامیٰ، مساکین اور بیوہ خواتین کی مالی سرپرستی کے فرائض سرانجام دیتا رہا۔غریبوں کی خدمت کرنے کیلئے سن 1989ء میں مدر ٹریسا کو نوبل پرائز دیا گیا۔ انعامی رقم بھی انہوں نے فلاحی کاموں میں وقف کی۔سن 2016ء میں پاپائے روم فرانسس نے کہا کہ مدر ٹریسا ایک بابرکت شخصیت ہیں ۔مدر ٹریسا دل کے عارضے کا شکار تھیں اور انہیں 2 بار دل کا دورہ پڑا۔ 1989ء میں ان کا آپریشن بھی کیا گیا تاہم 1991ء میں مدر ٹریسا میکسیکو میں نمونیا جیسے موذی مرض کا شکار ہوگئیں۔ 1996ء میں ایک بار پھر دل کا آپریشن کیا گیا تاہم طویل علالت کے بعد مدر ٹریسا 5 ستمبر 1997ء کو دارِ فانی سے رخصت ہو گئیں۔آج مدر ٹریسا کے یومِ پیدائش کے مو قع پرپاکستان سمیت عالمی برادری انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب منعقد کرے گی اور ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
*******