ملتان (یوسف سلیم قادری)پاکستان کرسچن رئٹرز گلڈ کی سالانہ کانفرنس -2025ء مورخہ 25تا 26 اکتوبر2025ءپاسٹرل انسٹی ٹیوٹ ملتان کے خوب صورت ہال میں منعقد ہوئی۔کانفرنس کا پہلا دن مختلف شہروں سے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے سے شروع ہوامیزبان برانچ ملتان کے صدر یوسف سلیم قادری نے اپنے مخصوص انداز میں مہانوں کو خوش آمدیدکہا۔
پہلا سیشن تمام حاضرین کا تعارف کروایا گیا۔ جس کی صدارت جاوید یاد (مرکزی صدر پاکستان کرسچن رائٹرز گلڈ)نے فرمائی۔ مہمانِ خصوصی فادر افتخارمون(پی او) تھے ، جب کہ نظامت کے فرائض مرکزی جنرل سیکرٹری سہیل ساجدنے ادا کیے۔ تمام حاضرین نے اپنا اپنا تعارف کروایا اور اپنی برانچز کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ سیشن کے اختتام پر پُرتکلف چائے پیش کی گئی۔کھانے کے وقفے کے بعد ”کیا مسیحی جرائد و رسائل مسیحیوں کے سماجی ، معاشی اور سیاسی مسائل کے آئینہ دار ہیں؟“ کے عنوان سے ایک مذاکرہ ہوا جس کی صدارت فادر افتخار مون (اوپی)نے کی مہمان ِ خصوصی لاہور برانچ کے صدر جناب ڈاکٹر طارق جاوید طارق ایڈووکیٹ تھے اورلیڈیز کوارڈینٹر محترمہ سٹیلا ظفرمحرکِ گفتگو تھیں۔ فادرافتخار مون، معروف شاعر ساحل منیر ایڈووکیٹ اور پادری عرفان نشاط چوہدری (ڈپٹی ایڈیٹر ”ماہنامہ نیا تادیب“ لاہور) شریکِ گفتگو تھے۔
پہلے دن کا آخری سیشن ’کُل پاکستان مشاعرہ تھا۔ جس کی صدارت معروف شاعر، ادیب ، کالم نگار اور گردو پیش پبلی کیشنز کے روحِ رواں جناب رضی الدین رضی نے فرمائی ، مہمانِ خصوصی ڈاکٹر کشورمرادکشور تھے۔ مہانِ اعزاز ڈاکٹر طارق جاوید طارق تھے۔ نظامت کے فرائض سہیل ساجد سٹونز آباد ی نے ادا کیے۔ جن شعرا کرام نے اپنا کلام پیش کیا اُن میں رضی الدین رضی، ڈاکٹر کشورمرادکشور، ڈاکٹر طارق جاوید طارق ، جاوید یاد، عرفان نشاط چوہدری، فادر افتخار مون، فادر یونس شہزاد اوپی، نیلسن آرزو، روکس ریاض، جمشید اختر، یوسف سیلم قادری، محترمہ سٹیلا ظفر،محترمہ شمائلہ سحر، یوسف مسیح عاصی، قمر سمسن ، عظیم قیصر صدیقی اور لقمان ناصرشامل تھے۔ رات گئے یہ مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔ دوسرے دن کا آغاز کتب کی نمائش سے ہوا۔ کھانے کے بعد دوسرے دن کا اہم سیشن تقسیم ایوارڈز کی تقریب تھی۔ جس کی صدارت ملتان کے معروف ماہر ِ تعلیم شاعر ، ادیب ، دا نشور ، نقاد اور مصور انور جمال تھے ، مہمانِ خصوصی معروف دانشور، ماہرِ تعلیم اور سفر نامہ نگار ڈاکٹر صلاح الدین حیدر تھے۔ مہمانانِ اعزاز میں معروف کالم نگار ، افسانہ نگار ار صحافی شفیق اختر حُر، ممتاز کالم نگار ، ادیب اکادمی ادبیات ملتان کے انچارج اورروحِ رواں اظہر سلیم مجوکہ تھے۔ نظامت کے فرائض مرکزی صدر جاوید یاد نے ادا کیے۔کتابوں پر مصنفین کو ایوارڈ دیے گئے، اس کے ساتھ ساتھ میزبان برانچ ملتان اورساہیوال برانچ کو بہترین کارکردگی ایوارڈدیا گیا۔
*******


