اب پاکستان میں وہ افغان رہے گا جس کے پاس ویزا ہوگا — وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ

اب پاکستان میں وہ افغان رہے گا جس کے پاس ویزا ہوگا — وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد (تادیب )، 17 اکتوبر 2025ء وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ پاکستان میں صرف وہ افغان شہری رہائش اختیار کر سکیں گے جن کے پاس باقاعدہ ویزا یا قانونی دستاویزات موجود ہوں گی۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے نمائندے شریک ہوئے۔ تاہم،خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ذاتی مصروفیت کے باعث شریک نہ ہو سکے، جن کی نمائندگی مزمل اسلم نے کی۔اجلاس کے دوران افغان مہاجرین کی مرحلہ وار وطن واپسی، سرحد پار دراندازی اور افغانستان کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ 16 اکتوبر 2025تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 77 ہزار 592 افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں، جب کہ باقی افراد کی واپسی کے لیے عمل تیز کر دیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو مزید کوئی مہلت نہیں دی جائے گی اور واپسی کے عمل کو سہل بنانے کے لیے سرحدی ایگزٹ پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔
  اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی شخص یا ادارے کی جانب سے غیر قانونی افغان شہریوں کو پناہ دینا یا گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرانا قابلِ تعزیر جرم تصور ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ َ “غیر قانونی مہاجرین کی واپسی کے دوران انسانی ہمدردی اور باعزت رویے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔”انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ بجا سوال ہے کہ پاکستان کب تک افغان مہاجرین کے بوجھ کو برداشت کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، انہیں یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت صوبائی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کی ترقی اور سلامتی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام کرتی رہیں گی۔ 

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading