نیاتادیب – استقامت کے چوبیس برس : پادری سلاتی ایل وکٹر

ماہنامہ “نیا تادیب” (لاہور/ملتان) کی مسلسل اشاعت کے چوبیس سال مکمل ہونا اردو ادب، فکری صحافت اور تہذیبی شعور کی تاریخ میں ایک روشن اور قابلِ فخر باب ہے۔ اس بامعنی اور پُرمسرت موقع پر معروف شاعر، ادیب، کالم نگار اور صحافی جناب جاوید ڈینی ایل کو دِل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جناب جاوید ڈینی ایل نے جس استقامت، دیانت اور فکری بصیرت کے ساتھ اس ادبی سفر کو جاری رکھاہوا ہے، وہ محض شخصی کامیابی نہیں بلکہ ایک فکری و تہذیبی خدمت ہے۔ “نیا تادیب” محض ایک ادبی جریدہ نہیں رہا، بلکہ وقت کے نشیب و فراز میں سچ، اخلاق، سماجی شعور اور روحانی اقدار کی ترجمانی کرنے والا ایک معتبر فکری پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ ایسے دَور میں جب سنجیدہ ادب اور نظریاتی صحافت کو بے شمار چیلنجز درپیش ہوں تو بھی اِس تسلسل کا برقرار رہنا بذاتِ خود ایک معجزہ اور قربانیوں کی روشن مثال ہے۔

اِسی تسلسل کے پیچھے “تادیب پبلی کشنز ” کی وہ خاموش مگر مسلسل خدمات کارفرما ہیں جنہوں نے اردو ادب، تخلیقی اظہار اور سنجیدہ فکر کو وقار اور سمت عطا کی۔ “تادیب پبلی کشنز “نے نہ صرف معیاری اشاعت کو اپنا شعار بنایا بلکہ نئے لکھنے والوں، شاعروں اور مفکرین کو بھی اظہار کا باوقار موقع فراہم کیا، جو ادارے کی دیانت، وفاداری اور فکری ذمہ داری کی واضح علامت ہے۔

مزید برآں، عصرِ حاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے “تادیب میڈیا” کے ذریعے فکری، سماجی اور صحافتی خدمات کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ “تادیب میڈیا” نے جدید میڈیا کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سچائی، توازن اور اخلاقی صحافت کو فروغ دیا، جو آج کے شور زدہ میڈیا ماحول میں ایک قابلِ قدر اور نایاب مثال ہے۔

اِس موقع پر “تادیب” کی پوری ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا نہایت ضروری ہے، جن کی محنت، لگن اور پسِ پردہ خدمات کے بغیر یہ ادبی و صحافتی سفر ممکن نہ تھا۔ مدیران، معاونین، لکھاریوں، رضاکاروں اور تمام وابستہ اداروں نے ایک خاندان کی مانند اِس مشن کو سنبھالا اور اِسے استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا۔

میری دعا ہے کہ خداوند تعالیٰ جناب جاوید ڈینی ایل کو مزید صحت، حکمت اور قوت عطا فرمائے، اور نیا تادیب، تادیب پبلیکشنز اور تادیب میڈیا کو آئندہ بھی فکری، ادبی اور اخلاقی خدمت کے لیے اسی طرح کامیابیوں سے ہمکنار کرتا رہے۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading