لاہور (نمائندہ خصوصی) جاپانی ہائیکو پوئٹری پر ایک سیمینار فارمن کرسچن کالج یونیورسٹی میں شعبہ اردو،شعبہ فلاسفی اور پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن لاہور کے تعاون سے ہوا۔اس سیمینار کی صدارت جناب غلام حسین ساجد نے فرمائی،مہمان خصوصی جناب عامر ایچ شیرازی تھے جو جاپان کے اعزازی قونصل جنرل ہیں۔مہمانِ اعزاز ڈاکٹر نورین کھوکھر اور خطاب کرنے والوں میں ڈاکٹر نجیب جمال،ڈاکٹر ناصر عباس نیر ،نوید صادق اور ڈاکٹر شاہد اشرف شامل تھے۔یہ ایک بہت عمدہ تقریبِ تھی۔ہائیکو کی صنف،تاریخ،موضوعات،شعرا اور شعریات پر اس سے اچھی گفتگو شاید ہی پہلے کہیں ہوئی ہو۔اس میں طلبہ اور مہمان سامعین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور تقریب کے حُسن میں قابل قدر اضافہ کیا۔
ڈاکٹر شاہد اشرف نے اردو غزل کے ہائیکو پر اثرات ،نوید صادق نے ہائیکو کے جمال اور سکوت،نجیب جمال نے ہائیکو اور پاکستانی شعری اصناف کے تعلق اور ناصر عباس نیر نے ہائیکو کی شعری جمالیات پر بات کی۔غلام حیسن ساجد نے ہائیکو کی شعری جمالیات اور اُس کی مٹی سے نسبت اور ایک اجنبی سر زمین پر تناور شجر بننے کے مراحل کی دشواری اور آسانی کو موضوع بنایا اور اس طرح ہائیکو کی تفہیم کا دائرہ مکمل ہوا۔
*******