کرسمس کے مبارک موقع پر وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر لاہور کے لبرٹی چوک میں مسیحی برادری کو خوش آمدید کہنے اور اس بات کا پُرخلوص پیغام دینے کے لیے کہ پنجاب میں اقلیتیں قابلِ قدر، محترم اور معاشرے کا لازمی حصہ ہیں، 42 فٹ بلند کرسمس ٹری نصب کیا گیا۔
لبرٹی چوک میں سانتا کلاز، سنومین اور ستاروں کی شکلوں کو بھی خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے کرسمس ٹری نصب کرنے کی ہدایت دی، جس پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے عملدرآمد کیا۔ اس اقدام سے شہر کا یہ معروف چوک محبت، کثرتِ رائے اور سماجی ہم آہنگی کی ایک روشن علامت بن گیا۔
سوشل میڈیا پر اس پیش رفت کو شیئر کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ کرسمس ٹری اس بات کی علامت ہے کہ پنجاب میں اقلیتیں نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں عزت، قدر اور معاشرے میں اہم مقام حاصل ہے۔یہ اقدام اتحاد اور یک جہتی کا ایک طاقتور پیغام ہے، جو اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ پنجاب تنوع اور شمولیت کو اپناتے ہوئے تہواروں کی خوشیوں کو بھی بھرپور طریقے سے مناتا ہے۔


