اسلام آباد (تادیب) معروف ریکارڈنگ ادارہ کھوکھر اسٹوڈیو گزشتہ دو دہائیوں سے گاسپل موسیقی کے فروغ میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر نوجوان پرستاروں کے درمیان گاسپل سنگنگ مقابلہ “وائس آف ورشپرز” کا تیسرا سیزن 27 ستمبر2025 کو یونائیٹڈ گاسپل اسمبلی چرچ، جی ۔سیون ۔ ٹو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
کوارٹر فائنل میں ملک کے ممتاز پرستار اور موسیقار نغمان جاوید، آصف بوعز، انعم اشرف اور اشبیل شاد نے ججز کے فرائض انجام دیے، جبکہ پروگرام کی نظامت معروف شاعر شہباز چوہان نے کی۔علینہ سکندر، لیا فارس، اجالا شہباز، راحیلہ سلیم اور نائلہ رندھاوا معاونین تھیں۔مقابلے میں ملک بھر سے آئے تقریباً چالیس نوجوان پرستاروں نے حصہ لیا، جن میں سے 24 شرکاء سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ سیمی فائنل میں ججز کے طور پر فرانسیس فیروز، آصف بوعز اور نائلہ اشبیل نے خدمات سرانجام دیں، اور اس مرحلے سے گیارہ نوجوانوں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
انتظامیہ کے مطابق فائنل مقابلہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا۔ فاتح شرکاء کو کیش انعامات کے ساتھ ساتھ ان کی آواز میں آڈیو اور ویڈیو ٹریکس ریکارڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کی کامیابی پر کھوکھر اسٹوڈیوز اور دیگر منتظمین بالخصوص شکیل کھوکھر، مقصود نذر، جمیل کھوکھر توقیریونس اور حارث بزمی کو مبارکباد دی گئی جن کی کاوشوں سے یہ ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
*******