آج مورخہ 20 جنوری 2025 کو امریکہ کے سنتالسویں 47 صدر کی حیثیت سے دوبارہ منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تو دنیا کو حیران کر دیا کیونکہ انہوں اپنے حلف برداری میں ایک نہیں بلکہ دو بائبلیں ایک ساتھ رکھیں اور ان دو بائبلوں پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ کیا حلف اٹھانے کے لیے ایک بائبل کافی نہیں؟ پھر انہوں نے دو عدد بائبلیں کیوں استعمال کیں؟ اس کا جواب دینے کے لیے بہت سے لوگوں نے وجہ یہ بتائی کہ انہوں نے ایک بائبل تو رومن کیتھولک اور دوسری بائبل پروٹسٹنٹ کی رکھی تاکہ ثابت کر سکیں کہ میں رومن کیتھولک اور پروٹسٹنٹ دونوں کا صدر ہوں۔ کیا یہ درست توضیع ہے؟ اگر وہ رومن کیتھولک اور پروٹسٹنٹ کے صدر ہیں تو کیا امریکہ میں آباد یہودی، ہندو، مسلم اور دیگر مذاہب کے آباد باشندوں کے صدر نہیں؟ بے شک وہ مسیحی ہوتے ہوے بلا امتیاز رنگ، نسل و مذہب ہر امریکی شہری کے صدر ہیں۔ پھر کیا وجہ ہے کہ انہوں نے حلف اٹھاتے وقت دو بائبلیں استعمال کیں اور یہ بھی سوچنے کی ضرورت ہے کہ ان کے بعد آنے والے صدور تین چار پانچ بائبلیں اٹھا کر حلف لیا کریں گے؟
آئیے اس بات کو جانتے ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھاتے وقت دو بائبلیں کیوں استعمال کیں۔ کیا امریکی تاریخ میں یہ روایت ملتی ہے کہ کسی صدر نے بائبل پر حلف اٹھایا ہو؟ جی ہاں صدور میں سے اکثر نے حلف اٹھاتے ہوے بائبل پر ہاتھ رکھا ہے اور یہ روایت امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن نے 1789 میں شروع کی۔ اور پھر 1861 میں ابرہام لنکن نے بھی بائبل پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا۔ ابرہام لنکن نے جس بائبل پر حلف اٹھایا وہ تاریخی حیثیت اختیار کر گئی اور امریکہ کے کچھ صدور نے ابرہام لنکن والی بائبل منگوا کر اس پر حلف لیا۔ بہت سے صدور نے اپنی ذاتی یاں خاندانی بائبل منگوا کر اس پر حلف لیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس روایت کو قائم رکھا اور ابرہام لنکن والی بائبل منگوائی اور دوسری بائبل وہ تھی جو ان کی والدہ نے انہیں 1956 میں جب وہ پرائمری سکول میں پڑھتے تھے انہیں گفٹ کی تھی۔ ڈونلڈق ٹرمپ 1956 سے آج تک یہی بائبل پڑھتے ہیں۔ لہذا اس بائبل کے ساتھ ان کا جذباتی لگاو بھی ہے اور ان کی خاندانی بائبل ہونے کی وجہ سے ایک تاریخی اہمیت بھی رکھتی ہے۔ اسی لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تاریخی بائبل اور اپنی خاندانی تاریخی بائبل دونوں کو ایک ساتھ منگوا کر انہیں پر حلف اٹھایا۔
میں سمجھتا ہوں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نا صرف بائبل کی روحانی اہمیت کے قدردان ہیں بلکہ بائبل کی تاریخی حیثیت کو بھی پہچانتے اور امریکی صدر کی حلف برداری کی روایت کو بھی قائم رکھنا چاہتے ہیں
*******