فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ کے زیر ِ اہتمام ٹیلی فلم “ڈاکٹر امام دین شہبازؔ “کے پریمیرشو کا انعقاد

راولپنڈی (نیاتادیب) فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام 29 جون 2024 ءکوکرسچن سٹڈی سنٹر راولپنڈی کے آڈیٹوریم میں پنجابی زبوروں کے مترجم ، شاعر و ادیب”جناب ڈاکٹرامام دین شہباز ؔ ” کی زندگی اور اُن کے کام کے متعلق ٹیلی فلم “ڈا کٹر امام دین شہباز ” کا پریمیر شو منعقد کیا گیا۔ اس افتتاحی شو میں فیبا کمیونیکشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ، فلم کے فنکاروں، پادری صاحبان،اداروں کے سربراہان، ریڈیو ٹیلی وژن کے فنکاروں ، سماجی رہنماؤں اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی عزت مآب سیموئیل رابرٹ عزرایاہ (ڈائریکٹر کرسچن سٹڈی سنٹر راولپنڈی )تھے۔ تقریب کی افتتاحی دُعا عالی جناب پادری شمشاد کھوکھر صاحب (فیبا بورڈ ممبر) نے کی اور حمدو ثنا میں راہنمائی پاسٹر عارف بھٹی، مریم مقصود، شیزا مقصود نے کی۔جنھیں عرفِ عام میں میرین سسٹرز ورشپ گروپ کہلاتا ہےاُنہوں نے پروگرام میں زبورگائے اور سامعین کے دلوں گرمایا ۔ ہم ان کی اس خدمت کے لئے خداوند کے شکر گزار ہیں۔جب کہ پروگرام میں نظامت ( کمپئرنگ) کے فرائض جناب نبیل منہاس ، مسز صبا ندیم اور مسز ڈیبرا سلیمان نے انجام دئے۔
اس ٹیلی فلم کی تکمیل تقریباً 3 سال کے عرصے میں ہوئی۔ فلم کی عکس بندی ، تدوین اور دیگر مراحل انتہائی عرق ریزی سے مکمل کئے گئے ہیں۔ اس فلم کا خاص مقصد مسیحی عبادات میں زبوروں کے استعمال ، شعراءکے لئے بنیادی اصول اور الٰہیاتی بنیادوں پر شاعری کے لئے خاص توجہ دی گئی ہے تاکہ حمدوثنا کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔ فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ کی جانب سے گولڈن جوبلی کے موقع پر یہ خاص اور قیمتی تحفہ کلیسیائے پاکستان کو بالعموم اور پنجابی زبان بولنے والی کلیسیا کو بالخصوص پیش کیا گیا ہے۔
خیالات کا اظہار کرنے والوں میں جناب آصف اشکناز صاحب ( پرنسپل صارپت بائبل سیمنری راولپنڈی) ، عائیلہ نعیم (ڈائریکٹر فلم)، ایوب جوزف اور مرکزی کردار ڈاکٹر نعیم سلیم صاحب اور فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جناب سلیم شہزاد صاحب تھے۔ جنہوں نے اپنے اپنے انداز میں فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ کی اس زبردست کاوش کو سراہا۔ فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ نے فلم ڈائریکٹر اور فلم میں نمایاں کردار ادا کرنے والے فنکاروں کو اعزازی شیلڈز اور ایوارڈز سے نوازا۔

مہمانِ خصوصی بشپ سیموئیل رابرٹ عزرایاہ نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند کی کلیسیائیں اپنے مشنریز کا قرض کبھی نہیں اُتار سکتیں تاہم فیبا کمیونیکشن ٹرسٹ پاکستان نے یہ ٹیلی فلم بنا کر خداوند کے اس عظیم خادم کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا اور کلیسیائے پاکستان کا قرض بھی اُتارنے کی حتیٰ الامکان کوشش کی ہے جو ایک خوش آئند قدم اور کامیابی کی ایک عمدہ مثال ہے۔ فلم ” امام دین شہباز” کی تمام ٹیم میں ایگزیکٹیو پروڈیوسر جناب سلیم شہزاد صاحب، فلم ڈائریکٹرعائلہ نعیم، مرکزی کردار ڈاکٹر نعیم سلیم کے علاوہ الحان ندیم ، قیصر رانا، محمود چاند، فہمیرا، الیاسف وارث، نیہا، جاوید شوکت، لیاقت ہنجرا، فیاض انور، شاہد صدیق، ولسن جوزف، آکاش نوگا، شیرازخان، آکاش سیموئیل اور ستارساحل شامل ہیں ۔ اختتامی دعا پادری جارج ولیم صاحب نے کی اور کلماتِ برکات سے بھی نوازا۔حاضرین میں سے مختلف لوگوںنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس قدم کو بے حد سراہا۔ آنے والے تمام مہمانوں کی تواضع پُر تکلف انداز میں کی گئی۔

*******

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading