میرا چوپان : عاصم کھنّہ

رات کے وقت جب آسمان صاف ہوتا ہے اور جہاز تیس ہزار فٹ کی بُلندی پر پرواز کر رہا ہوتا ہے۔ اور آسمان پر ہر طرف ستاروں نے پڑاؤ ڈالے ہوتے ہیں۔ اُن لمحوں میں خُدا کو یاد کرنا اور اس کی لامحدود کائنات پر غور کرنا ایک عجیب سا سکُون دیتا ہے۔ نیچے گہرا سمندر اور انتہائی بلندیوں پر چاند ستارے۔۔۔ایک بار خوف نے مجھے کسی آکٹوپس کی طرح اپنی بانہوں میں جکڑ لیا۔۔۔ میں سوچنے لگا کہ اگر جہاز کو کچھ ہو گیا تو اس اندھی تاریکی میں جہاز گہرے سمندر میں کہاں گرے گا۔ خوف بھوکے گدھوں کی طرح بار بار مجھے نوچتا رہا۔ میں نے ایک بار پھر ستاروں کی طرف دیکھا اور مجھے زبور23   ” خداوند میرا چوپان” یاد آگیا۔

خُداوند میرا چوپان ہے۔ مجھے کمی نہ ہوگی(1)۔
وہ مجھے ہری ہری چراگاہوں میں بِٹھاتا ہے۔ وہ مجھے راحت کے چشموں کے پاس لے جاتا ہے(2)۔
وہ میری جان کو بحال کرتا ہے۔وہ مجھے اپنے نام کی خاطر صداقت کی راہوں پر لے چلتا ہے(3)۔
بلکہ خواہ مُوت کے سایہ کی وادی میں سے میرا گُذر ہو میں کسی بلا سے نہیں ڈرونگا کیونکہ تُو میرے ساتھ ہے تیرے عصا اور تیری لاٹھی سے مجھے تسلی ہے(4 )۔
تُو میرے دُشمنوں کے رُوبُرو میرے آگے دستر خوان بچھاتا ہے۔ تُو نے میرے سر پر تیل ملا ہے۔ میرا پیالہ لبریز ہوتا ہے(5 )۔
یقیناً بھلائی اور رحمت عُمر بھر میرے ساتھ ساتھ رہینگی اور میں ہمیشہ خُداوند کے گھر میں سکونت کرونگا(6)۔

میں ستاروں کی روشنیوں کو دیکھتا اور خوف کی چادر میں لپٹا یہ زبور لگاتار پڑھتا رہا۔ خوف کی بارش میں بھیگے ان لمحوں میں نجانے کب میں ستاروں کو تکیہ بنا کر سو گیا۔ نیند سے جاگا تو پتہ چلا کہ جہاز سنگاپور اترنے والا تھا ایک نرم سے احساس نے میرے بدن پر تھپکی دی۔ ارے پگلے!! تو رات اپنے چوپان کے قدموں میں سو گیا تھا۔
بائبل مقدس ایسی آیات اور زبوروں سے بھری پڑی ہے جو غم کے کسی بھی موڑ پر آپ کے لیے ٹھنڈی رات کا آنچل اور چوپان چرواہے کے دامن کا مرہم اور سکون بن جاتے ہیں۔

*******

One thought on “میرا چوپان : عاصم کھنّہ

  1. بہت خوب
    زبور 22 اس کی تیسری آئیت میں “تو میرے ساتھ ہے” میں ساتھ کام لفظ بڑا معنی خیز اور قوت بخش ہے،
    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
    قیصر سرویا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Discover more from Tadeeb

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading