لاہور(پریس ریلیز) ہولی سٹی پنتکاسٹل چرچ منسٹریز پاکستان کی خِدمت کے پچیس سال مُکمل ہونے پر مورخہ 6 جُون 2024 کو بمقام مُغلِ اعظم ہال لاہور میں شُکر گُذاری کی عِبادت کا اہتمام کیا گیاجِس میں خُدا کے خادمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جِن میں ریورنڈ ڈاکٹر لیاقت قیصر، کینن عمانوایل بہادر، ریورنڈ ڈاکٹر بشپ نعیم پرشاد، ریورنڈ ڈاکٹر مرقس فِدا، ریورنڈ ڈاکٹر الفریڈ یعقوب، مسٹر و مسز پاسٹر جان و ریچل جان، پاسٹر یعقوب پیٹیر، پاسٹر اشرف جے۔ڈین، پاسٹر آفتاب رحمت، پاسٹر ڈیوس شوق، پاسٹر ولسن اعجاز، پاسٹرمنور خُورشید، پاسٹر ندیم پرویز،بھائی ایوب قیصر، ایڈووکیٹ جاوید گل اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی شامل تھے۔ عبادت میں ہولی سٹی چرچ کی تمام برانچز کے پاسبان(باٹا پور لاہور، مولا پور قصُور، موچی پُورہ قصُور،شاہدرہ، فیصل آباد، مُلتان)، مقامی کلیسیا کے تمام خادمین و خاندان بھی موجو د تھے۔
عبادتی حِصہ میں بھائی ارُون شہزاد (کوائر لیڈر ہولی سٹی چرچ) نے پرستش میں رہنمائی کی جبکہ ریورنڈ ڈاکٹر لیاقت قیصرنے کلامِ اقدس کی خِدمت سر انجام دی۔ کینن عمانوایل بہادر (پرنسپل لاہور کالج آف تھیالوجی) نے نظم پیش کی جِس میں ہولی سٹی چرچ کی پچیس سالہ خِدمات کو سراہا گیا۔ دورانِ عبادت کلیسیا کے ممبران و خادمین نے گذشتہ پچیس سالہ کلیسیائی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور خُداوند کے ہمیشہ ساتھ رہنے کی شُکرگُزاری کی۔ عبادتی حِصہ کا اِختتام ریورنڈ ڈاکٹر بشپ نعیم پرشاد کی دُعا اور کلماتِ برکات سے ہُوا۔
عبادتی حِصہ کے بعد کی تقریب میں کلیسیا کے اُن تمام خاندانوں اور اشخاص کو اُن کی پچیس سالہ جانفشانی، کلیسیا کے ساتھ اُن کے مُخلص رویہ و وفاداری کو مدِ نظر رکھتے ہُوئے شیلڈز سے نوازا گیا۔ آخر میں پاسٹر شہزاد پرویز (بانی و چئیر مین ہولی سٹی پنتکاسٹل چرچ منسٹریز پاکستان) نے کلیسیا کے ابتدائی ایام پر روشنی ڈالی اور ہولی سٹی چرچ کو کس عجیب طرح سے خُدا نے برکت دی بیا ن کیا۔ اپنے بیان میں پاسٹر شہزاد پرویز نے اُن تمام کٹھن حالات کا تذکرہ بھی کیا جو ہولی سٹی چرچ کو ابتدائی ایام میں برداشت کرنا پڑے اور موجودہ حالت میں خُدا نے جو کامیابیاں عطا کی اُن کا تذکرہ بھی کیا۔ تقریب کے آخر میں پاسٹر شہزاد پرویز نے تمام معززین کی تقریب میں شمُولیت کیلئے شُکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کے لئے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں سب نے شرکت فرمائی۔
نوٹ:( پریس ریلیز ، چونکہ متعلقہ ادارے کی ذاتی خبر ہوتی ہے جس سے “تادیب”کا متفق ہونا قطعاً ضروری نہیں۔)
*******