امرت نگر میں کرسمس مشاعرہ
مورخہ 26 دسمبر 2015 شام 7 بجے امرت نگر ،میاں چنوں میں ماہنامہ نیا تادیب لاہور اور ادبی تنظیم کرسچن رائیٹرز فیلو شپ کے زیرِ اہتمام کرسمس مشاعرہ منعقد ہوا۔ جس کی صدارت شہرہ آفاق آدم جی ایوارڈ یافتہ شاعر جناب نزیر قیصرنے کی۔مہمان خصوصی جناب نمبردار جاوید سیموئیل اورمہمانِ اعزازجناب جاوید ڈینی ایل چیف ایڈیٹر ماہنامہ نیا تادیب لاہورتھے۔ نظامت کے فرائض کرسچن رائیٹرز فیلوشپ کے چیئرمین جناب ساحل منیراور بشارت شہزاد گل نے ادا کئے۔ عزت مآب پاسٹر شہزاد پرویز چیئرمین ہولی سٹی پینتی کاسٹل چرچ نے
ہوسیعَ 6:4-7 سے خداکے کلام پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ چرچز میں جانا چاہیے بچوں کو سنڈے سکول میں جانا چاہئے تاکہ وہاں پر خدا کا کلام سیکھیں۔ معرفت کو سیکھیں،یسوع مسیح کو سیکھیںاور خدا کو جانیں۔ خدا کی مرفت کے بھید کھلنے شروع ہو جائیں گے۔کیونکہ خدا کے کلام کے اندر سب کچھ موجود ہے،اس میں ادب بھی ہے ، شاعری بھی ہے ، اس میں تعلیم بھی ہے۔ اس میں مکاشفے بھی ہیں، اس میں معرفت بھی ہے۔ہر ایک چیز کلام کے اندر ہے۔ جب ہم اس میں بڑھنا شروع کرتے ہیں تو ہماری زندگی کی ساری کمی ،کمزوریاں بھری جاتی ہیں۔ خدا ہمیں اُٹھا کر سرفراز کرتا ہےاور ٹھیک جگہ پر لا کر کھڑا کر دیتا ہے۔
جناب نذیر قیصر، جناب ساحل منیر، جناب جاوید ڈینی ایل، جناب یوسف سلیم قادری، جناب ایوب جاذب ناصری، جناب بشارت شہزاد گل،محترمہ عابدہ قیصر، محترمہ زریں منور، محترمہ تجدید قیصراور دیگرنے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔
صاحب صدر جناب نذیر قیصرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری اردو شاعری میں عورت کو ستم گر، بے وفا اور ظالم جیسے القابات سے پکارتے ہوئے اس کی شخصیت و کردار کو نہایت منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے لیکن میں نے اپنی شاعری میں عورت کے حوالے سے ایسا کوئی لفظ استعمال نہیں کیا اور اسے مثبت و مثالی انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ یہاں ادب اورآرٹ کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
مہمان خصوصی جناب نمبردار جاوید سیموئیل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ شاعروں اور ادیبوں کا معاشرے کی تشکیلِ نو میں ہمیشہ ایک اہم کردار رہا ہے۔ لٰہذا ہمیں ان کی بھر پورحوصلہ افزائی کرتے ہوئے ادبی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہئے۔
ماہنامہ نیا تادیب کے چیف ایڈیٹر جاوید ڈینی ایل نے ماہنامہ نیاتادیب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہ تادیب کا اجرا دسمبر 2001 سے ملتان کی سرزمین سے ہوا۔ 2011 سے ملتان اور لاہور سے بیک وقت شائع ہونے والا پاکستان کا پہلا جریدہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
شرکائے تقریب کی پُر تکلف عشائیے اور چائے سے تواضع کی گئی۔